انجمن’ کواکب انور ‘کے اختتامی پروگرام کاانعقاد

مولانا بدرالاسلام قاسمی کی کتاب ”جامع خلاصۃ القرآن، رکوع بہ رکوع” کا اجراء
دیوبند،19؍ جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
جامعہ امام محمد انور شاہ کے طلبہ کی انجمن’ کواکب انور ‘کا اختتامی پروگرام گزشتہ شب منعقد ہوا، جس کی صدارت رئیس الجامعہ مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے کی۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد طلبہ جامعہ نے عربی، اردو، فارسی، انگریزی اور ہندی پانچوں زبانوں میں تقریریں کیں اورترانے بھی پیش کیے گئے۔ اس دوران ادبی ذوق کا اظہار بیت بازی کی شکل میںگیا، نیز آج کل کے بڑھتے ہوئے افتاء سینٹرز کے نقصانات کو دلچسپ مکالمے کی شکل میں ظاہر کیا گیا،انجمن کے ناظم مفتی نثار خالد قاسمی اور نگراں مولانا ابوطلحہ اعظمی کی سرپرستی میں مسابقہ خطابت و صحافت اور مسابقہ تلاوت و نعت میں بھی طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو بیش قیمت انعامات کتابی شکل میں دیا گیا۔ جلسے کے اخیر میں جامعہ کے استاذ حدیث مولانا محمد صغیر پرتاپ گڑھی نے طلبہ کو قیمتی نصیحتیں کیں۔اس دوران جامعہ کے استاذ مولانا بدرالاسلام قاسمی کی نئی کتاب ”جامع خلاصۃ القرآن، رکوع بہ رکوع” کا اجراء عمل میں آیا،جامعہ کے استاذ حدیث مفتی سید عبید انور شاہ نے کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب عوام کو قرآن کریم کا پیغام سمجھانے اور اس سے قریب کرنے کی ایک عمدہ کاوش ہے ،کتاب میں ہر رکوع کا خلاصہ آسان الفاظ میں پیش کیا گیا ہے، ساتھ ہی اُس رکوع سے متعلق اہم مسائل بھی معتبر کتابوں سے منتخب کر کے بیان کیے گئے ہیںکتاب پر پانچ بڑے علمائے کرام کی تصدیق ہے۔اس موقع پر قاری علاء الدین قاسمی، ڈاکٹر ضمیر احمد الحیات ہاسپٹل، مفتی محمد نوید دیوبندی، مولانا عثمان غنی، مولانا سید حمدان شاہ مسعودی، مولانا جمیل احمد،قاری بلال احمد اور قاری محمد ثاقب وغیرہ نے شرکت کی۔
Comments are closed.