دینی تعلیم کی فکر دنیا کی تمام ضروریات سے زیادہ اہم اور ضروری

دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام جمعیۃ بلڈنگ سے ’دینی تعلیمی بیداری مہم‘کا آغاز
کانپور(پریس ریلیز) دینی تعلیمی بورڈجمعیۃ علماء ہند کی ہدایت پر دینی تعلیمی بورڈ کانپور کے زیر اہتمام مفتی عبد الرشید قاسمی کی صدارت اور مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں چلائی جانے والی 19روزہ ’دینی تعلیمی بیداری مہم‘ کا باقاعدہ آغاز شہری جمعیۃ علماء کانپور کے دفتر جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ سے ہوا۔ شہری جمعیۃ علماء کانپور کے نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی نے دینی تعلیمی بیداری مہم کی اہمیت و ضرورت سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ آج باطل اپنی پوری قوت کے ساتھ طرح طرح کے حربے استعمال کرتے ہوئے ہمارا اور ہماری نسلوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے کے درپے ہے، اگر ہمیں اپنی آئندہ نسلوں جن پر قوم کا انحصار ہے،کو دین پر قائم رکھنا ہے تو انہیں دینی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا بے حد اہم اور ضروری ہے۔ مولانا نے شہر کے عوام سے دینی تعلیمی بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم مل جل کر دینی تعلیم کے حوالہ سے چلنے والی اس بیداری مہم میں اپنا تعاون دیں گے تو یقینا اللہ ہماری کوششوں کو ناکام نہیں فرمائیں گے۔ مولانا نے مہم کے روح رواں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کو اس پیش رفت کیلئے مبارکباد پیش کی۔
دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی نے دینی تعلیمی بیداری مہم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء اتر پردیش کی جانب سے پورے صوبہ میں اور مرکز کی طرف سے ملک میں دینی تعلیمی بیداری مہم چلائی جار ہی ہے، اسی ضمن میں مولانا امین الحق عبداللہ صاحب قاسمی کی ہدایت پر ہمارے شہر کانپور میں بھی 20/جنوری تا 8/فروری دینی تعلیمی بیداری مہم چلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس کے تحت پورے شہر و اطراف میں عوام کے سامنے دینی تعلیم کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرکے صحیح اسلامی تعلیمات سے واقف کرایا جائے گا۔ 19روزہ مہم کے دوران جاجمؤ، بابوپورو، مچھریا، پٹکاپور، چمن گنج، روشن نگر، آریہ نگرسمیت شہر کے مختلف علاقوں اور محلوں میں تقریبات منعقد کئے جائیں گے۔ مولانا انصار احمد نے مولانا علی میاں ؒ کا جملہ نقل کرتے ہوئے کہا کہ بیمار بچے کی دوا، عیدکے موقع پر کپڑے اور گھر میں کھانے سے زیادہ بچوں کی دینی تعلیم کی فکر کرنی چاہئے۔ کیونکہ اگر بچوں کی دینی تعلیم اور تربیت ہوگی تبھی ایک صالح اورمثالی معاشرہ وجود میں آئے گا۔ اس موقع پر مولانا نے شہر میں مکاتب کے قیام کیلئے کوششیں تیز کرنے کی بات بھی کہی۔
شہری جمعیۃ علماء کے رکن منتظمہ مولانا محمد فرید الدین قاسمی نے دینی تعلیمی بیداری مہم کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے دنیا کو دار الاسباب بنایا ہے، جس طرح دنیا کے کاموں کیلئے دنیاکے ماہرین سے سیکھنے کیلئے پابند ہو تے ہیں اسی طرح دین کے معاملے میں بھی اللہ نے ہمیں آزاد نہیں چھوڑا ہے۔ اپنی عبادات، عقائدسمیت دیگر دینی معاملات میں بھی ہمیں مستند علماء سے سیکھ کر عمل کرنے کا مزاج بنانا چاہئے۔ جب ہمارے اور ہمارے بچوں کے اندردینی تعلیم سے واقفیت، سچ اور حق کی محبت، جھوٹ، غیبت، چغل خوری، ریاکاری، مکاری، دھوکہ،فریب کی نفرت اور صحیح غلط کی سمجھ ہوگی تبھی ہم اورہمارے بچے جہاں بھی رہیں گے سچائی اورحق بات کے علمبردار بن کر رہ سکیں گے۔
دینی تعلیمی بیداری مہم کے آغاز کے موقع پر خاص طور شہری جمعیۃ علماء کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، خازن مولانا انیس الرحمن قاسمی، سکریٹری قاری عبد المعید چودھری،بیداری مہم کے نائب کنوینر اور شہری جمعیۃ کے سکریٹری مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا محمد طارق قاسمی کے علاوہ جمعیۃ علماء کے دیگر عہدیداران و مقامی عوام موجود تھے۔

Comments are closed.