آل انڈیا ملی کونسل بہار سے تصدیق نامہ لینے والے اہل مدار س سے اپیل

پٹنہ(پریس ریلیز)
مولانا ڈاکٹر محمدعالم قاسمی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار نے اپنے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے موقع پر اہل مدارس کو اہل خیر حضرات سے تعاون حاصل کرنے کے لیے ملی تنظیموں سے تصدیق نامہ کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس لیے مدارس کے اساتذہ و ذمہ داران جومالی فراہمی کے لیے آل انڈیا ملی کونسل بہارسے تصدیق نامہ حاصل کرنے کے خواہش مند ہوں انہیں مطلع کیا جاتا ہے کہ آل انڈیا ملی کونسل سے تصدیق نامہ جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور 20شعبان 1445ہجری تک تصدیق نامہ جاری کیا جائے گا۔
اس لیے اہل مدارس جو پہلے ملی کونسل کا تصدیق نامہ حاصل کر چکے ہیں، وہ سابقہ تصدیق نامہ کی اصل کاپی، جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل کے نام ایک درخواست اور مدرسہ کی موجودہ صورت حال کی تفصیل کسی مقامی معتبر عالم دین یا مقامی دینی ادارہ کے ذمہ دار کی تصدیق کے ساتھ لے کر آئیں۔خاص طور پر طلبہ و طالبات کی تعداد کی تصدیق ضرور پیش کریں۔ جو حضرات پہلی بار تصدیق نامہ لینا چاہتے ہیں وہ جنرل سکریٹری کے نام درخواست،مدرسہ کی پوری تفصیل؛ گوشوارہ آمد و خرچ، طلبہ وطالبات کی درجہ وار مجموعی تعداد، دارالاقامہ میں مقیم امداد ی و غیر امدادی طلبہ کی تعداد، تعلیم کہاں تک ہوتی ہے، اس کی تفصیل، اساتذہ کی تعداد، وغیرہ، نیز اگر ملی کونسل کے کسی ذمہ دار کی جانب سے معائنہ ہوا ہو تو ان کی تحریر کی فوٹو کاپی ضرور منسلک کریں۔ساتھ ہی جس جگہ مدرسہ واقع ہے وہاں کے کم از کم دو معزز اشخاص کے ٹیلی فون نمبر ضرور درج کریں۔ ان مذکورہ تفصیلات کے ساتھ اپنی درخواست آل انڈیا ملی کونسل بہار کے دفتر حسین ہومز، فرسٹ فلور، خلیل پورہ روڈ، پھلواری شریف، پٹنہ میں 20شعبان 1445ہجری تک جمع کریں۔ کاغذات کی جانچ کے بعد اگر ذمہ داران مطمئن ہوں گے تو تصدیق نامہ جاری کیا جائے گا۔

Comments are closed.