موریا میں حالات معمول پر، ہم آہنگی بگاڑنے کے معاملے میں 14 گرفتار، پولیس کیمپ جاری، امن کمیٹی کی میٹنگ میں معاملے کی مذمت، بھائی چارہ بنائے رکھنے کی اپیل

جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس) سرسوتی کی مورتی وسرجن کے دوران بھال پٹی اوپی کے موریا ہاٹ گاچھی میں پرتشدد جھڑپ کے بعد پیدا ہوئے فرقہ وارانہ کشیدگی کے معاملے پر گرچہ ضلع کے سینئر حکام نے بروقت کارروائی کرکے حالات کو کنٹرول میں کرلیا لیکن رات پر وہاں دہشت کا ماحول جاری رہا۔اس بیچ پولیس نے کارروائی کرکے 14 افراد کو حراست میں لیا ہے۔گاوں میں پولیس کے حکام عوامی اعتماد بحال کرنے میں لگاتار کوششیں کررہے ہیں۔دوسرے دن وہاں پولیس نے فلیگ مارچ کیا اور دکانوں کو کھلواکر سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا۔تاہم گاوں میں امن بحال ہے لیکن خوف کا ماحول ہنوز برقرار ہے۔صدر ایس ڈی ایم، ایس ڈی پی او امیت کمار، سی او، کمتول سرکل کے انسپکٹر محفوظ عالم اضافی پولیس فورس کے ساتھ گاوں میں خیمہ زن رہے اور امن کمیٹی کی میٹنگ کرکے حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کیں۔
میٹنگ میں انتظامی افسران کے علاوہ دونوں فرقوں کے 11۔11 افراد شامل تھےجن میں شوکت اخلاقی، آل انڈیا بیداری کارواں کے صدر نظر عالم، مقصود عالم، منا، مکھیا عبد المالک،ڈاکٹر شکیل، راکیش نائک، شیوناتھ یادو، ٹن ٹن یادو، شیام ساہو وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ان لوگوں نے معاملے کی مذمت کی اور لوگوں سے امن و بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اپیل کی ۔غور طلب ہو کہ جمعرات کی شام سرسوتی کی مورتی نئے راستے سے وسرجن کے لئے لےجایا جارہا تھا جس پر ایک خاص فرقہ کو اعتراض ہوا۔اسی معاملے میں وہاں سنگ باری شروع ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے حالات نے فرقہ وارانہ کشیدگی کا رنگ لے لیا۔سنگ باری کے بعد بھگدر مچ گئی ۔حالات کنٹرول کرنے کے دوران پولیس کے اہلکاروں سمیت کئی افراد کو چوٹیں آئیں۔ کئی گاڑیوں، دکانوں اور مکانات کو بھی جزوی طورپر نقصان پہنچایا گیا۔فرقہ وارانہ کشیدگی کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور انتظامیہ افسران نے فوری موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور مورتی وسرجن کرایا۔ ڈی ایم راجیو روشن اور ایس ایس پی جگوناتھ ریڈی جلا ریڈی نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور دونوں فرقوں کے لوگوں سے امن و امان بحال کرنے کی اپیل کی۔ادھر جمعہ کو ڈی ایم راجیو روشن کی ہدایت پر مذکورہ گاؤں میں ضلع امن کمیٹی کی میٹنگ بھی منعقد کی گئی جس میں دونوں فرقوں کے لوگوں نے شرکت کی اور آپس میں اتحاد و اتفاق قائم کرنے اور بھائی چارے کا ماحول بنانے پر زور دیا۔ امن کمیٹی کی میٹنگ میں نفیس الحق رنکو، اجے جالان،اشوک نائک، سجیت ملک، راکیش نایک، شیوناتھ مہتو، شتروگھن پرساد یادو، نارد یادو، رستم قریشی کے علاوہ مقامی سرکردہ شخصیات موجود تھے۔ صدر ایس ڈی پی او امت کمار نے بتایا کہ گاوں کے حالات مکمل کنٹرول میں ہیں ۔پولیس کی نقل و حرکت جاری ہے۔امن کمیٹی کی میٹنگ کی جارہی ہے۔لاء اینڈ آڈر بگاڑ نے والوں کی شناخت کی جارہی ہے۔اب تک 14 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

Comments are closed.