اسلامیہ گروپ آف کالج میں اسمارٹ فون تقسیم

حکومتی اسکیم کے تحت اسمارٹ پاکر طلبہ و طالبات کے چہرے کھِلے
دیوبند،16؍ فروری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
اترپردیش کی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسمارٹ فون اسکیم برائے طلبہ کے تحت اسلامیہ گروپ آف کالجز (اسلامیہ ڈگری کالج) دیوبند میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا اور طلبہ و طالبات کے درمیان اسمارٹ فون تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل نے بتایا کہ ان کی مسلسل کوششوں سے اور اسمارٹ فون تقسیم کرنے والی ٹیم کی دلچسپی کے باعث ڈگری کالج میں زیر تعلیم 2022-23کے سبھی فیکلٹیوں کے طلبہ و طالبات کو اسمارٹ فون تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بی اے، بی بی اے، بی سی اے اور قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو تقریباً 1400؍اسمارٹ فون تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی اس ادارہ میں چار سو اسمارٹ فون تقسیم کئے گئے تھے۔ اسمارٹ فون تقسیم کئے جانے کے بعد ادارہ کے ذمہ داران نے طلبہ وطالبات کو اسمارٹ فون سے استفادہ کرنے کے طریقے بتائے اور ساتھ ساتھ اسکے غلط استعمال سے بھی آگاہ کیا۔ اترپردیش کی یوگی حکومت کی جانب سے صوبہ کو ڈیجیٹل بنانے کے لئے اس اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا، اس اسکیم کے تحت ڈگری کالجوں میں زیر تعلیم گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ اور تکنیکی تعلیم میں ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو اس اسکیم کا فائدہ ملتا ہے؛ تاکہ تمام زیر تعلیم طالب علم ہر زاویہ سے تعلیم سے متعلق از خود معلومات حاصل کر سکے۔ اسمارٹ فون تقسیم کرنے والی ٹیم نے بتایا کہ اسمارٹ فون تقسیم اسکیم کے تحت نوجوان اپنی تعلیم اور روزگار کے میدانوں میں آگے بڑھنے میں کامیاب ہوں گے۔ اسمارٹ فون تقسیم کئے جانے کے وقت ادارہ کے پرنسپل وکیل احمد، ڈاکٹر انور پاشا، ڈاکٹر رحمت، ڈاکٹر بشریٰ شفیق، ڈاکٹر مزمل قمر، خالدہ فاطمہ، ندیم احمد، ڈاکٹر محمد اخلاق، ڈاکٹر دھریندر کمار، ڈاکٹر نشی دوبے، ترون یادو، فضل الرحمن، صاحب علی، شبھم کمار، عثمان رانا، شاکر علی اور کاشف احمد وغیرہ موجود رہے۔
Comments are closed.