ماہ رمضان عبادتوں کا موسم بہار: پروفیسر شکیل قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز)ماہ رمضان عبادتوں کا موسم بہار ہے۔ ہر مسلمان اپنی پوری قوت ارادی کو بروئے کار لاتے ہوئے عبادتوں کے لئے تیار ہو جاتا ہے۔ روزہ، نماز، تراویح، تلاوت کا اہتمام کرتا ہے، رب کائنات سے عاجزانہ انداز اپناتے ہوئے اپنے گناہوں کی معافی چاہتا ہے، پھر اپنی ضرورت و حاجت پیش کرتا ہے، اپنی سلامتی اور حفاظت کی دعاء کرتا ہے، اس طرح ان کی رحمت کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہ اندازبندگی کائنات کے خالق کو بے حد پسند ہے، وہ بندوں کی دعاؤں کو قبول کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ، چیرمین فاران فاؤنڈیشن انڈیا نے اپنے بیان میں کیا۔
مولانا قاسمی نے فرمایا کہ بندۂ مومن خالق کائنات کے حقوق کی ادائیگی کے ساتھ بندوں کے حقوق پر بھی نظر رکھتا ہے اور اس کی ادائیگی کوضروری سمجھتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اللہ اور بندوں کے حقوق کی ادائیگی سے ہی انسان کی آخرت کامیاب ہو تی ہے، وہ اس پر بھی پورے شعور کے ساتھ توجہ دیتا ہے۔ ہمارے لئے ضروری ہے کہ حقوق اللہ اور حقوق العباد پر پوری توجہ مرکوز رکھیں تاکہ دنیا اور آخرت کامیاب ہو سکے۔ رمضان المبارک کے فیوض و برکات کے حصول کا موقع قابل قدر بھی ہے اور لائق شکر بھی۔اللہ تعالی ہم سبھوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
Comments are closed.