حرام رزق کی گندگی سے خود کو محفوظ رکھیں

جامعہ زینت للبنات میں منعقداصلاحی مجلس میں مولاناسلمان بجنوری کا حلال رزق اور تقویٰ اختیار کرنے پر زور
دیوبند،17؍ مارچ(سمیر چودھری؍بی این ایس)
جامعہ زینب للبنات دیوبند میں رمضان المبارک کی مناسبت سے ایک اصلاحی مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے دار العلوم دیوبند کے استاذ حدیث و نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سلمان بجنوری نقشبندی نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ رزق حلال کو مضبوطی کے ساتھ پکڑلیں اور حرام رزق سے خود کو محفوظ رکھے کیونکہ حرام رزق سے گھر میں نحوست اور بے برکتی آتی ہے جب کہ حلال رزق سے اللہ تعالیٰ گھر میں برکتیں اور رزق میں کشادگی پیدا کرتے ہیں،اس لئے آج سے ارادہ کریں کہ اپنے آپ اور اپنے گھر والوں کو رزق حرام کی گندگی سے محفوظ رکھیں گے ۔مولانا نے روزے کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روزے کا اصل مقصد تقوی پیدا کرنا ہے اور تقوے کے معنی برائیوں سے بچنا ہے ۔مولانا سلمان بجنوری نے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ حقوق اللہ میں سب سے پہلا حق نماز ہے، اسی میں ہم لوگ کوتاہی کرتے ہیں۔ ہمیں ہر حال میں نماز کی پابندی کرنی چاہئے ،نماز کی پابندی کے ساتھ ہی ہم باطنی اور ظاہری برائیوں سے خود بخود بچ جائیں گے۔ مولانا سلمان نے کہا کہ ایک مسلمان کو خاص طور پر اپنے جسم کے چار اعضاء پر کنٹرول رکھنا چاہئے، اس سے بھی بندہ برائیوں سے بچا رہے گا۔ انہوں نے کہا آنکھ،کان ،دماغ، اور زبان یہ چار راستے برائیوں کے ہیں، ان سے برائی داخل ہوتی ہے، ان چاروں راستوں کو برائی سے محفوظ کر لیں گے تو ہمارا دل بھی پاک صاف رہیگا اور ہم اللہ کے نیک بندوں میں شمار کئے جائیں گے۔آخر میں مولانا نے تقوی اور اس کے فوائد پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تقوے کے بہت سے فائدوں میں سے ادنی فائدہ یہ ہے کہ اللہ تعالی اس کی وجہ سے روزی میں برکت عطا فرماتا ہے، اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم تقوی اختیار کریں۔اس موقعہ پر مسرور الحسن ،جامعہ کے اساتذہ مولانا خالد عزیر، مفتی محمد طیب صدیقی ، مفتی اخیار الہی ،مولانا عمار عزیزو سلیم احمد اور جامعہ کا دیگراسٹاف موجود رہا ،مولانا کی دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا۔

Comments are closed.