ادارہ خدمت خلق کی جانب سے رمضان فوڈ کٹ تقسیم

ہر صاحب نصاب پوری ایمانداری سے اپنی زکوٰۃ ادا کرے: مفتی وقاص ہاشمی
دیوبند،19؍ مارچ(سمیر چودھری؍بی این ایس)
ہر سال کی طرح اس سال بھی ادارہ خدمت خلق دیوبند کی جانب سے مستحقین کو ’’ رمضان فوڈ کٹ‘‘ تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ادارہ خدمت خلق کے چیئرمین مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ اگر اللہ نے ہم کو مال ودولت سے نواز رکھا ہے تو ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم غرباء کا خیال رکھیں اور شریعت نے زکوٰۃ کے طور پر جو حصہ متعین کیا ہے اس کو پوری ایمانداری کے ساتھ مستحق حضرات کو ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پورے یقین کے ساتھ یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ اگر ہر صاحب نصاب پوری ایمانداری کے ساتھ اپنی زکوٰۃ اداکرے تو دنیا کا کوئی انسان بھوکا نہیں سوئے گا ،مگر افسوس مسلمانوں کی اکثریت یا تو زکوٰۃ جیسے اہم رکن کی ادائیگی سے پوری طرح غافل ہے یا اندازے سے زکوٰۃ ادا کی جارہی ہے ۔ مفتی وقاص ہاشمی نے مزید کہا ہے کہ غرباء کی مدد کرنا کوئی احسان نہیں ہے بلکہ یہ تو ان کا حق ہے جس کی ادائیگی ہر صاحب مال پر فرض ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمارا ادارہ گزشتہ 40سال سے حسب موقع اللہ بندوں کی خدمت میں مصروف ہے، یہ سلسلہ انشاء اللہ آگے بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ آخر کیا بات ہے کہ زکوٰۃ کی ادائیگی کی طرف ہمارا دھیان کیوں نہیں جاتا ، حالانکہ قرآن کریم میں اکثر وبیشتر مقامات پر نماز کے ساتھ ساتھ زکوٰۃ کا ذکر ہواہے اور زکوٰۃ نہ ادا کرنے والوںپر بڑی سخت وعید آئی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی اپنی زکوٰۃ خلوص نیت اور پوری ایمانداری کے ساتھ مستحقین تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

Comments are closed.