Baseerat Online News Portal

آئی پی ایل سٹہ بازی کاخوفناک انجام،ایک کروڑہارنے پربیوی نے خودکشی کرلی

ممبئی(ایجنسی) آئی پی ایل میں شرط لگانے کے بعد ایک کروڑ روپے کا نقصان ہوا تو بیوی نے خودکشی کر لی۔
ہندی نیوزچینل این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق درشن بابو نامی ایک انجینئر کی بیوی رانجتھا کی لاش کرناٹک کے علاقے چترا درگا میں واقع ان کے گھر میں 18 مارچ کو لٹکی ہوئی ملی۔
درشن بابو کرکٹ میچز پر شرط لگانے کے شوقین ہیں اور وہ 2021 سے یہ کام کر رہے ہیں۔ انہیں شرط ہارنے کے بعد کئی مرتبہ قرض لینا پڑتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ان کی 23 سالہ اہلیہ رانجتھا کو قرض خواہوں کی جانب سے مسلسل ہراسانی کا سامنا تھا جس کے بعد انہوں نے خودکشی کر لی۔
درشن بابو ہوسادرگا کے مائنر ایریگیشن ڈپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ انجینئر کے طور پر کام کرتے رہے اور پھر وہ 2021 سے 2023 تک آئی پی ایل میچز پر شرط لگانے کے شوق میں پھنس گئے۔
انہوں نے شرط لگانے کے لیے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زیادہ قرض لیا تھا لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا وہ اپنی ساری رقم ڈبو بیٹھے۔ وہ صرف ایک کروڑ روپے واپس کرنے میں کامیاب ہو سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ درشن بابو پر ابھی بھی 84 لاکھ روپے کا قرض باقی ہے۔
دوسری جانب رانجتھا کے والد وینکٹیش کے مطابق ان کی بیٹی کی درشن بابو کے ساتھ 2020 میں شادی ہوئی اور پھر 2021 میں انہیں شوہر کے شرط لگانے کے شوق کے بارے میں پتا چلا۔
وینکٹیش نے اپنی درخواست میں کہا کہ قرض خواہوں کی جانب سے مسلسل تنگ کرنے کے بعد ان کی بیٹی خودکشی پر مجبور ہوئی۔ انہوں نے 13 افراد کو اپنی درخواست میں نامزد کیا ہے۔
انہوں نے اپنے داماد کے بارے میں کہا کہ ’وہ ان شرطوں کی چکر کا حصہ نہیں بننا چاہتا تھا لیکن مذکورہ افراد نے اسے جلد امیر ہونے کا لالچ دے کر اس کے لیے مجبور کیا۔ انہوں نے اس کے لیے بلینک چیکس کی صورت میں سرمایہ دینے کا وعدہ بھی کیا تھا۔‘
تحقیقات کے دوران پولیس کو رانجتھا کا خط بھی ملا جس میں انہوں نے قرض خواہوں کی جانب سے مسلسل ہراساں کیے جانے کی تفصیل بیان کی ہے۔
درشن بابو اور رانجتھا کا ایک دو برس کا بیٹا ہے۔

Comments are closed.