Baseerat Online News Portal

جانشین امام اہل سنت مولاناعبدالعلیم فاروقی کا انتقال ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ : مولانا رشید احمد ندوی

ممبئی (پریس نوٹ) امام اہل سنت کے جانشین، جمعیۃ علماء ہند کے سابق ناظم عمومی، دارالعلوم دیوبند اور ندوۃ العلما لکھنؤ کے رکن شوری مولانا عبدالعلیم فاروقی کا انتقال ملت اسلامیہ ہندیہ کا عظیم خسارہ ہے، مولانا فاروقی موجودہ وقت میں اہل سنت والجماعت کے مسلمہ ترجمان تھے، ان خیالات کا اظہار انجمن اہل السنۃ والجماعۃ ممبئی کے جنرل سیکریٹری مولانا رشید احمد ندوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کیا، انہوں نے کہا کہ مولانا فاروقی کا شمار دنیا کے ان چند گنے چنے علماء میں ہوتا تھا جو دفاع صحابہ اور اہل سنت والجماعت کی ترجمانی میں پیش پیش رہا کرتے تھے، دفاع صحابہ اور عظمت اہل بیت ان کا خاص موضوع تھا اور پوری زندگی اسی خدمت میں وقف کردی، ابھی گذشتہ دنوں انجمن اہل السنۃ والجماعۃ ممبئی کے تحت منعقد ہونے والے تحفظ سنت و عظمت صحابہ کانفرنس میں شرکت کے لئے ممبئی تشریف لائے تو اس موقع پر مولانا فاروقی نے کہا کہ عظمت صحابہ اور اہل سنت سے متعلق آپ جب بھی پروگرام کریں، آپ مجھے صرف مطلع کردیں انشاءاللہ میں اپنے خرچ سے پروگرام میں شرکت کے لئے حاضر ہوجاؤں گا، مولانا ندوی نے مزید کہا کہ اس زمانے میں خرابی صحت کے باوجود عظمت صحابہ کانفرنس میں شرکت کے لئے لکھنؤ سے تشریف لائے اور انتہائی بشاشت کے ساتھ تقریر فرمائی اور ایسی تقریر کی کہ پورا مجمع جھوم اٹھا، یقیناً مولانا عبدالعلیم فاروقی کا انتقال دفاع صحابہ کے میدان میں خصوصاً اور ملت اسلامیہ کی خدمات کے باب میں عموماً بہت بڑا خسارہ ہے، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ مولانا کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین.

Comments are closed.