بیت اللہ میں امام کی سمت میں امام سے آگے نیت باندھنے پر نماز نہیں ہوگی: علماء کانپور

کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے مفتیان کرام کا متفقہ فیصلہ

کانپور: سابق قاضیِ شہر کانپور مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی سابق صدر جمعیۃ علماء اترپردیش کا قائم کردہ شہر کے جید و مستند علمائے کرام و مفتیان عظام کا پینل کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کانپور کی ماہانہ نشست جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ میں واقع متین الحقؒ لائبریری میں منعقد ہوئی۔ اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی کے حج کے مبارک سفر پر ہونے کی وجہ سے اکیڈمی کے نائب صدر مفتی عبدالرشید قاسمی اور جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری نے مشترکہ طور پر میٹنگ کی صدارت فرمائی۔ چوں کہ اس وقت بڑی تعداد میں لوگ حج بیت اللہ کے لئے تشریف لے گئے ہیں اور وہاں سے کئی لوگ بار بار یہ سوال کرچکے ہیں کہ اب امام صاحب مستقل صحن مطاف کی بجائے پیچھے کی جانب ہی کھڑے ہوتے ہیں جبکہ صحن مطاف میں ان کے آگے ساری صفیں لگ جاتی ہیں، ایسے میں کیا امام کے آگے ہونے کی بنا پر نماز درست ہوگی یا نہیں؟ اس سلسلے میں غور و فکر کے بعد اتفاق رائے سے درج ذیل فیصلہ کیا گیا۔

خانہ کعبہ یعنی مسجد حرام میں جو امام صاحب نماز پڑھاتے ہیں پہلے اس کا اہتمام ہوتا تھا کہ امام صاحب خانہ کعبہ کی جس سمت میں ہوتے تھے اس کی دونوں جانبوں میں ایک پٹی باندھ دی جاتی تھی اور امام کے سامنے اس میں مقتدیوں کو کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوتی تھی؛ لیکن اب دیکھنے میں یہ آرہا ہے کہ امام صاحب جس حصے میں نماز پڑھاتے ہیں، آگے اسی حصے میں مقتدی بھی کھڑے ہو جاتے ہیں؛ جب کہ اس سے بچنا نہایت ضروری ہے؛ کیوں کہ حنفیہ کے نزدیک جماعت کی نماز میں اقتدا کے صحیح ہونے کے لیے ضروری ہے کہ امام آگے ہو اور مقتدی اس کے پیچھے ہو، اگر مقتدی امام سے آگے بڑھ جائے تو اس صورت میں مقتدی کی نماز درست نہیں ہوتی ہے؛ اس لیے حنفی مسلک سے متعلق جو لوگ حج و عمرہ کے لیے جاتے ہیں وہ حرم شریف میں صف میں کھڑے ہوتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ وہ امام کی سمت میں امام سے آگے نہ بڑھیں ورنہ ان کی نماز نہیں ہوگی۔

 

اس موقع پر اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، اکیڈمی کے اہم رکن مفتی سید محمد عثمان قاسمی ناظم تعلیمات جامعہ محمودیہ اور مفتی معاذ قاسمی مکہ مکرمہ سے آن لائن شریک رہے۔

میٹنگ کا آغاز مفتی محمد واصف قاسمی کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ میٹنگ میں اکیڈمی کے نائب صدر مفتی عبدالرشید قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری، جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کے علاوہ مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مفتی عزیز الرحمن قاسمی، مفتی سعود مرشد قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا محمد حسان قاسمی، مفتی سلطان قمر قاسمی، مفتی واصف قاسمی، مولانا حذیفہ قاسمی، مولانا امیر حمزہ قاسمی اور مولانا الماس شریک رہے، جب کہ بعض ممبران نے گوگل میٹ کے ذریعے آن لائن شرکت کی۔

Comments are closed.