مولانا فاروق قاسمی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچاناضلعی انتظامیہ کا فریضہ: مولانا عبداللہ قاسمی جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر نے سون پور پرتاپگڑھ پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، ملزم کی گرفتاری پر پولیس کو مبارکباد پیش کی

پرتاپگڑھ۔ جمعیۃ علماء اترپردیش کے سابق صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی علیہ الرحمہ کے جانشین اور ریاستی جمعیۃ کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے سون پور پرتاپگڑھ پہنچ کر مولانا فاروق قاسمی کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا اور ضلعی انتظامیہ سے مولانا کے قاتلوں کے جلد از جلدکیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
مولانا عبداللہ قاسمی نے مرحوم کے بڑے بیٹے مولانا مامون قاسمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مولانا کے ساتھ پیش آنے والا حادثہ پورے علاقے کو سوگوار کر گیا ہے۔ مولانا نے اپنی پوری زندگی انتہائی تحمل و برداشت اور جد و جہد کے ساتھ گزاری ہے۔مولانا جمعیۃ علماء ہند کے مخلص سپاہی اور علاقے میں فریقین میں صلح جوئی اور عوامی خدمت کے لیے معروف تھے۔ اس کے علاوہ متعدد دینی و اصلاحی سرگرمیوں میں معاون اور شریک کار رہے۔مولانا بلاتفریق مذہب ہر طبقہ میں مقبول تھے اور ممتاز مقام رکھتے تھے۔ مولانا کی رحلت سے صرف جمعیۃ علماء یا طبقہئ مدارس ہی نہیں بلکہ پورے علاقے کا بڑا نقصان ہوا ہے جس کی بھرپائی بظاہر مشکل نظر آتی ہے۔
مولانا عبداللہ قاسمی نے ملزم کی گرفتاری پر پولیس انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی، لیکن ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ ان قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانا بھی انتظامیہ کا فریضہ ہے۔ جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر نے امید ظاہر کی کہ پولیس انتظامیہ بغیر کسی کے دباؤ میں آئے اپنی ذمہ داری ادا کرکے گی اور مولانا فاروق کے اہل خانہ کو انصاف دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء پرتاپگڑھ کے صدر مفتی جمیل الرحمن قاسمی، نائب صدر مولانا اسرار قاسمی،مولانا فاروق کے دونوں بیٹے مولانا محمد ارشد قاسمی، مولانا محمد اسعد قاسمی، کانپور سے جمعیۃ علماء روسط زون کے ناظم تنظیم قاری عبدالمعید چودھری، زون کے خازن مفتی اظہار مکرم قاسمی، سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی، کانپور کے جمعیۃ کے خازن مولانا انیس الرحمن قاسمی اور قاری بدرالزماں قریشی موجود رہے۔
Comments are closed.