ایام قربانی میں قربانی سے زیادہ اللہ کے نزدیک کوئی عمل محبوب نہیں ہے : مفتی عفان منصورپوری

جامعہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ ممبئی کی مسجد میں عوام و خواص سے خصوصی خطاب
ممبئی (پریس نوٹ) ایام قربانی میں اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ اور محبوب عمل قربانی ہے، قربانی اللہ کے نزدیک اتنا محبوب عمل ہے کہ جو بندہ اخلاص نیت اور محض اللہ کی رضا کے لیے قربانی کرتا ہے تو زمین پر جانور کا خون گرنے سے پہلے ہی اس کے لیے قبولیت کا پروانہ لکھ دیا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ کو جانور کا نہ تو گوشت پہونچتا ہے اور نہ ہی خون، اللہ کے پاس تو صرف تقویٰ پہونچتا ہے، ان خیالات کا اظہار ملک کے معروف عالم دین، نواسہ شیخ الاسلام، مدرسہ اسلامیہ عربیہ جامع مسجد امروہہ کے صدرالمدرسین مفتی محمد عفان منصورپوری نے جامعہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ کی مسجد میں عصر کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے اپنے مخصوص خطاب میں کہا کہ دنیا میں سب سے افضل ایام ذی الحج کے دس دن ہیں اور ان دس دنوں کو اللہ نے جو فضیلتِ عطا فرمائی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں دو عبادات ایسی ہیں جو کہ اسی مہینے کے ساتھ خاص ہیں، ایک فریضہ حج اور دوسری قربانی، بقیہ پورے سال آپ مقامات حج کی زیارت کرتے رہیں آپ کو حج کا ثواب نہیں مل سکتا ہے، اسی طرح پورے سال آپ جانور قربان کرتے رہیں لیکن جو فضیلت اور ثواب ایام قربانی میں حاصل ہوگا وہ ہورے سال نہیں ہوسکتا اسی لئے عشرہ ذی الحج کو سال کے بقیہ دنوں میں افضلیت حاصل ہے، مفتی عفان منصورپوری نے اس مہینے کے ابتدائی دس دنوں کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی سے قبل اس عشرے میں کسی ایک دن بھی روزہ رکھنا سال بھر کے روزوں سے بہتر ہے اور رات کے کسی پہر میں عبادت کرنا شب قدر سے بہتر ہے اور جس نے یوم عرفہ کا روزہ رکھا اس کے اگلے پچھلے گناہ کا کفارہ ہو جائے گا. واضح رہے کہ مفتی محمد عفان منصورپوری مختصر وقت کے لیے ممبئی تشریف لائے تھے، اس موقع پر جامعہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ ممبئی کے بانی و مہتمم قاری محمد صادق خان اور مولانا زاہد قاسمی کی عیادت کے لیے پہونچے تھے، اس سے قبل انہوں نے مشہور صاحب نسبت بزرگ مولانا منیر احمد رحمہ اللہ کے صاحبزدگان سے ملاقات کرکے تعزیت پیش کی، اس کے بعد جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد ذاکر قاسمی کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت پیش کی.
Comments are closed.