ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب فکر کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کے لیے آل انڈیا ملی اتحاد کونسل کا قیام، مولانا سلمان خوشتر اتفاق رائے سے صدر منتخب
کلمہ واحدہ کی بنیاد پر ملت اسلامیہ کو متحد کرنے کی کوشش کونسل کا سب سے بڑا ہدف
ممبئی (پریس ریلیز) عروس البلاد ممبئی کے چند اہم اور ملت کا درد رکھنے والے نوجوان علماء کرام نے ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب فکر کو کلمہ واحدہ کی بنیاد پر متحد کرنے اور ایک متفقہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایک تنظیم قائم کی ہے جس کا نام آل انڈیا ملی اتحاد کونسل تجویز کیا گیا ہے، اس سلسلے میں گوونڈی میں واقع خانقاہ حبیب کے دفتر میں ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اتفاق رائے سے معروف عالم دین اور ملی و سماجی شخصیت مولانا محمد سلمان خوشتر حلیمی کو قومی صدر منتخب کیا گیا اور معروف صحافی مولانا غفران ساجد قاسمی کو قومی جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا، وہیں مولانا محمد عارف خان ثاقبی کو کونسل کا خازن بنایا گیا، اس موقع پر نومنتخب صدر مولانا محمد سلمان خوشتر حلیمی نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب فکر کو کلمہ واحدہ کی بنیاد پر ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور متحد کرنا وقت کی ناگزیر ضرورت ہے، ہمارا آپسی اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، آج ہم پر آنے والی مصیبتیں ہمارے انتشار کی وجہ سے ہے، مولانا خوشتر حلیمی نے مزید کہا کہ میں تمام مسلک کے نمائندہ حضرات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے مسلک پر مضبوطی سے جمے رہیں، اپنے مسلک پر ہی عمل کریں لیکن ملی مسائل میں ایک کلمہ واحدہ کی بنیاد پر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں اور ملت کے مسائل کو آپس میں مل کر حل کریں، جب تک ہم ملی مسائل میں متحد نہیں ہوں گے، ہم انتشار کا شکار رہیں گے، دشمن ہم پر حاوی رہے گا اور ہمارے مسائل کبھی بھی حل نہیں ہوسکیں گے.
نومنتخب جنرل سکریٹری مولانا غفران ساجد قاسمی نے تنظیم کے قیام کو ملت اسلامیہ کے لئے نیک فال قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالانکہ ملک میں تنظیموں کی کوئی کمی نہیں ہے، سبھی تنظیمیں اپنے اپنے طور پر ملت اسلامیہ کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہی ہیں، ہر تنظیم کا اپنا ایک داۂرہ کار ہے اور ایک لائحہ عمل ہے، سبھی اپنے دائرے میں بہتر کام کررہے ہیں اور ملت کی فلاح کی کوششوں میں مصروف ہے، آل انڈیا ملی اتحاد کونسل بھی انشاءاللہ ملت اسلامیہ کی فلاح بہبود کے لئے کام کرتا رہے گا اور ملی اتحاد کونسل کا سب سے بڑا اور اہم ہدف ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب فکر اور مسالک کے درمیان اتحاد عمل پیدا کرنا ہے، آل انڈیا ملی اتحاد کونسل ایک کلمہ واحدہ کی بنیاد پر ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کرے گا. اس ہنگامی میٹنگ میں مولانا محمد عارف ثاقبی، مولانا خان افسر قاسمی اور دیگر سرکردہ افراد موجود تھے، انشاءاللہ بہت جلد تنظیم کی ایک اہم نشست منعقد کی جائے گی جس میں تنظیم کی پالیسی اور اغراض و مقاصد طے کئے جائیں گے، ساتھ ہی ملک کی تمام ریاستوں میں ریاستی یونٹ کی تشکیل کے سلسلے میں غور و خوض کیا جائے گا. صدر مولانا خوشتر حلیمی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا.
Comments are closed.