مُردوں کا مصنف!

از: قاضی عمر بارہ بنکوی
ہمارے دوست مولانا فرحان بارہ بنکوی زندوں سے نالاں اور مُردوں سے شاداں و فرحاں رہتے ہیں۔ ہمیشہ ہم نے انہیں بوڑھوں کو للچاتی نظروں سے دیکھتے ہوئے دیکھا، اس سبب سے کہ وہ بھی مرحومین کی فہرست میں شامل ہوجائیں۔ در اصل وہ گزشتہ کچھ سالوں سے بارہ بنکی کے مشہور مرحومین اور ان کے کارناموں پر ایک کتاب لکھ رہے تھے۔ مرحومین سے بڑی عقیدت رکھتے ہیں، کہتے ہیں کہ: ’’مرحوم جتنے زیادہ اور اہم ہوں گے، میری کتاب اُتنی ضخیم اور قابلِ قدر ہوگی۔‘‘
پچھلے چھ سات سالوں سے وہ مرحومین کی تلاش و جستجو میں وارثینِ مرحومین کے ارد گرد منڈلا رہے ہیں اور اب جبکہ مرحومین ان کی کتاب کی ضخامت کے مطابق ہوگئے ہیں تو زندوں سے اس کی تشہیر کروا رہے ہیں۔
اگر دنیا عجائب گاہ ہے تو ہمارے دوست فرحان بارہ بنکوی اس عجائب خانے کا ایک کردار۔ بہتوں کی دلچسپیاں، مختلف اور منفرد ہوتی ہیں اور بعضوں کی تو تعجب خیز بھی۔ دو ہزار بیس کے اواخر میں ہماری ملاقات فرحان سے اس حال میں ہوئی کہ یہ مردوں کی تفتیش و جستجو میں مگن تھے۔ لوگوں کو پکڑ پکڑ کر کہتے کہ ذرا بارہ بنکی کے کسی مشہور مرحوم کا نام تو بتاؤ۔ وہ شخصیات جو شہرت کے ساتھ ساتھ بڑھاپا بھی رکھتی تھیں، یہ انہیں حریص نظر سے دیکھتے کہ کاش یہ بھی مرحوم ہوتے، تو ہماری کتاب کا حصہ ہوتے۔
دیکھتے تو ہمیں بھی تھے؛ لیکن حسنِ اتفاق ہم نہ تو مشہور اور نہ ہی بوڑھے؛ ورنہ ان کی نظروں کی نذر ہوکر ان کی کتاب کا حصہ ہوتے۔ انہیں مرحومین سے بڑی عقیدت اور محبت ہے، اس عقیدت و محبت کا تقاضہ تو یہ تھا کہ یہ بھی صفِ مرحومین میں شامل ہوجاتے؛ لیکن مرحوموں کو زندہ کرنے کے لیے ان کا زندہ رہنا ضروری تھا۔
’’تذکرۂ اسلافِ بارہ بنکی‘‘ ان کی وہی چھ سات سالہ محنت کا نتیجہ؛ بلکہ یوں کہیے کہ ’’تذکرۂ اسلافِ بارہ بنکی‘‘ مشہور و معروف مرحومین کا ایک قبرستان ہے، مطلب خاکوں اور کارناموں کا ایک مجموعہ ہے۔ زندہ مشہور اور معروف شخصیات کو ایک جگہ جمع کرنا شاید ممکن نہیں، اس لیے فرحان نے بھٹکے ہوئے مُردوں کو ایک جگہ جمع کرکے یہ کام انجام دیا۔منتشر اور بھٹکے ہوئے مُردوں کو بھی ایک جگہ جمع کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا، اس کے لیے بھی لگن، تڑپ، جستجو، اور استقامت درکار تھی، جو فرحان میں بدرجۂ اتم موجود تھی؛ ورنہ مُردوں پر اپنی توانائی کون صرف کرتا ہے؟
کتاب ابھی چھپنے کی راہ میں ہے، اور بہت جلد منظر عام پر آنے والی ہے۔
ایڈوانس بکنگ کرنے والوں کے لیے متعینہ مدت تک بیس فیصد ڈسکاؤنٹ کے ساتھ دو سو روپیے میں دستیاب ہے۔
کتاب حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیجیے۔
9935499983
Comments are closed.