چنئی سائنس فیئر میں مانو ماڈل اسکول کی طالبات کو انعام

حیدرآباد، (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، ماڈل اسکول واقع فلک نما، حیدرآباد کی طالبات کو چنئی کے سائنس فیر میں تیسرا انعام حاصل ہوا۔ ڈاکٹر کفیل احمد، انچارج پرنسپل ماڈل اسکول، حیدرآباد کے بموجب گیارہویں جماعت کی طالبات سعدیہ بیگم اور مرزا زویا بیگم کی جانب سے تیار کردہ تحقیق پر مبنی سائنس پراجیکٹ کو ثناءماڈل اسکول، پوناملے، چنئی میں منعقدہ سائنس فیئر میں تیسرے انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔

 

آرگنائزیشن آف مسلم ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس اینڈ اسوسئیشن آف ٹامل ناڈو (OMEIAT) کی جانب سے 17 ویں قومی سائنس فیئر کا 24 اکتوبر کو چنئی میں انعقاد عمل میں آیا تھا۔ مانو ماڈل اسکول کی طالبات نے ”ایفیکٹ آف یو وی – سی ایریڈئیشن آن سیڈ جرمنیشن اینڈ سیڈلنگ پیرامیٹرس اِن رائس اینڈ وہیٹ سیڈس“ کے موضوع پر اپنا پراجیکٹ تیار کیا تھا۔ اسکول کے ٹیچر وسیم الدین محمد، پی جی ٹی بائیو ٹیکنالوجی، مانو ماڈل اسکول نے اس پراجیکٹ میں طالبات کی رہنمائی کی تھی۔ تیسرے انعام کے طور پر ایوارڈ میں ان طالبات کو یادگاری تحفہ اور صداقت نامۂ تحسین حاصل ہوئے۔

سائنس فیئر میں ڈاکٹر عبدالواسع محمد، سائنٹسٹ و ڈائرکٹر ایس یو ای ایم پی چیاریٹیبل ٹرسٹ، حیدرآباد اور ڈاکٹر محمد رضوان، سائنٹسٹ و ڈائرکٹر سواریز کلین ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ، حیدرآباد بحیثیت مہمانِ خصوصی موجود تھے۔ پرنسپل ماڈل اسکول نے طالبات اور نگران پراجیکٹ کو مبارکباد دی اور ان کی ستائش کی۔

Comments are closed.