مانو میں وجیلنس بیداری ہفتہ -2024 کا خصوصی لیکچر پر اختتام

حیدرآباد، (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) نے وجیلنس بیداری ہفتہ 2024 کا اختتام خصوصی لیکچر کے ساتھ ہوا۔ جس کا موضوع "قوم کی خوشحالی کے لئے دیانتداری کا کلچر” تھا۔ یہ پروگرام سید حامد لائبریری آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا۔ 28 اکتوبر سے 3 نومبر 2024 تک جاری رہنے والے اس ہفتے کا اہتمام سنٹرل ویجیلنس کمیشن کی رہنمائی میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد طلبہ، فیکلٹی اور عملے میں دیانت اور اخلاقی ذمہ داری کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔
تقریب کی مہمان خصوصی ، محترمہ کرنم سروجنا، ڈپٹی کمشنر آف پولیس، نے دلچسپ واقعات سے بھرپور ایک لیکچر دیا۔ انہوں نے دیانتداری، سچائی، اور مثبت عمل کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اصل ترغیب اور اثرات ہمارے اعمال سے آتے ہیں، نہ کہ صرف الفاظ سے۔ انہوں نے کرما کے فلسفہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو ہم معاشرے کو دیتے ہیں، وہ ہمیں واپس ملتا ہے، اور نرائن مورتی، سدھا مورتی اور رتن ٹاٹا جیسی شخصیات کو ایمانداری اور دیانت داری کی مثال کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے دیانتدار اور بدعنوان افسران کے درمیان فرق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اقدار کو برقرار رکھنا زندگی میں اطمینان کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے مستقبل کی نسل کو دیانتداری کے اصولوں پر استوار کرنے میں اساتذہ اور والدین کے کردار کو بھی سراہا اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مانو کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے فیکلٹی، غیر تدریسی عملے اور طلبہ کے ساتھ مل کر دیانتداری کا حلف لیا، جس کے ذریعہ انہوں نے اخلاقی اقدار اور ذاتی ذمہ داری کے ذریعے ایک خوشحال قوم کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیف ویجیلنس آفیسر اور ڈین اسکول آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، پروفیسر وناجا ایم نے افتتاحی کلمات ادا کیے اور سنٹرل ویجیلنس کمیشن کے اقدامات اور دیانت داری، اخلاقیات اور اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو قوم کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد، رجسٹرار مانو، نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں وجیلنس بیداری اور دیانتداری کے فروغ کے لیے ہندوستانی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
جناب حبیب احمد ، میوزیم کیوریٹر نے شکریہ کا فریضہ انجام دیا اور قومی ترانہ کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیانتداری کو فروغ دیں گے اور قومی ترقی میں اپنا فرض نبھائیں گے۔
اس پروگرام کا انعقاد ایک فعال کمیٹی نے کیا جس میں ڈاکٹر رفیع محمد، ڈاکٹر جرار احمد، ڈاکٹر محسنہ انجم، ڈاکٹر فردوس، جناب متھیالا راؤ، جناب حبیب، اور ڈاکٹر جمیل شامل تھے۔ کمیٹی نے وجیلنس بیداری ہفتہ کے دوران مختلف مقابلوں میں طلبہ کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کی، جس سے صحت مند مسابقت ، اظہارِ ذات کے جذبے ملک کی خوش حالی اور دیانت داری کو فروغ ملا۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
Comments are closed.