چلڈرن ڈے اور اسلامی نقطۂ نظر! مفتی محمد اظہر متقی قاسمی برہانپور ایم-پی

چلڈرن ڈے کی تاریخ
چلڈرن ڈے دنیا بھر میں بچوں کے حقوق، اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے منایا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر 20 نومبر کو اقوام متحدہ کے تحت "یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز ڈے” کے طور پر منایا جاتا ہے۔ جبکہ بعض ممالک میں مختلف تاریخوں پر بھی بچوں کا دن منایا جاتا ہے، جیسے کہ بھارت میں 14 نومبر کو پنڈت جواہر لال نہرو کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے۔
اسلام اور بچوں کے حقوق
اسلام میں بچوں کے حقوق بہت وسیع اور جامع انداز میں بیان کیا گیا ہے اور ان کی حفاظت کو والدین کی اہم ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔ اسلام بچوں کو زندگی، محبت، تعلیم، صحت، مالی حقوق، اور برابر حقوق دیتا ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق، اگر بچوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے اور ان کی بہتر تربیت کی جائے تو وہ معاشرے کے مفید اور نیک افراد بن سکتے ہیں یہاں چند اہم حقوق بیان کیے جاتے ہیں جو اسلام بچوں کو دیتا ہے
بچے اللہ کا تحفہ ہیں
قرآن میں بچوں کو اللہ کا تحفہ اور نعمت قرار دیا گیا ہے۔ سورہ شوریٰ میں اللہ فرماتا ہے: "وہ جسے چاہتا ہے، بیٹے عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے بیٹیاں عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے، بیٹے اور بیٹیاں دونوں عطا کرتا ہے۔” (سورہ الشوریٰ :49-50)
ہر بچے کو جینے کا حق ہے
اسلام میں ہر بچے کو زندگی کا حق دیا گیا ہے، اور اس کی حفاظت کو لازم قرار دیا گیا ہے۔ قرآن پاک میں اللہ نے قتلِ اولاد کو سختی سے منع فرمایا ہے اور اسے ایک بڑا گناہ قرار دیا ہے۔ اللہ فرماتا ہے: "اور اپنی اولاد کو قتل نہ کرو غربت کے خوف سے۔ ہم تمہیں بھی رزق دیتے ہیں اور ان کو بھی۔” (سورہ الاسراء :31)
اولاد کے لیے دعا
قرآن میں کئی پیغمبروں کے دعا کا ذکر ہے جو اپنی اولاد کے لیے نیک، پرہیزگار اور کامیاب ہونے کی دعا کرتے تھے۔
حضرت ابراہیمؐ نے اپنے بیٹے کے لیے دعا کی کہ اللہ انہیں نیک بنائے۔(سورہ بقرہ:128) والدین کے لیے یہ ایک اہم نصیحت ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی اولاد کی بھلائی اور دین و دنیا کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔
بچے کے پیدائش کے بعد کے حقوق
پیدائش کے فوراً بعد بچے کے کان میں اذان دینا، تحنیک کرنا، اچھا نام رکھنا، عقیقہ کرنا، بچے کے بال مونڈنا، بالوں کے وزن کے برابر چاندی صدقہ کرنا، ختنہ کرنا، ماں کا بچے کو دودھ پلانا، ماں بچے کو دودھ پلانے سے معذور ہو تو باپ کا بچے کے دودھ کا انتظام کرنا،
بچیوں کی پرورش
اسلام میں لڑکوں کے بنسبت لڑکیوں کی پرورش کی زیادہ اہمیت وفضیلت ہے آپ ﷺ نے فرمایا جس شخص نے دو بیٹیوں کی پرورش کی تو وہ اور میں جنت میں اس طرح داخل ہوں گے جس طرح یہ دو انگلیاں ساتھ ساتھ ہیں۔(مسلم:6864) آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس شخص نے اپنی بیٹی کو زندہ درگور نہیں کیا، نہ ہی اُس کو ذلیل سمجھا اور نہ ہی بیٹے کو اُس پر مقدم کیا تو ایسے شخص کو اللہ تعالیٰ جنت میں داخل فرمائیں گے۔(سنن ابی داؤد:5148)
بچوں کی تعلیم وتربیت
قرآن پاک میں والدین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اسلامی تعلیم وتربیت کا اہتمام کریں ان کو نیک بنائیں اور ان کی دینی تربیت کریں۔ قرآن مجید حضرت لقمان کا اپنے بیٹے کو نصیحتوں کا ذکر ہے انہوں نے اپنے بیٹے کو نو نصیحتیں فرمائی تھی 1- اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو، 2- نماز قائم کرو، 3- نیکی کا حکم دو، 4- برائی سے روکنے کی کوشش کرو، 5- اگر کوئی تکلیف دہ بات پیش آئے تو اس پر صبر کرلو، 6- لوگوں سے بے رُخی نہ برتو، 7- زمین میں اِتراکر نہ چلو، 8- چلنے میں میانہ روی اختیار کرو، 9- آواز کو پست رکھو، (سورہ لقمان:13-19)
یہ والدین کے لیے ایک اہم سبق ہے کہ وہ بچوں کو توحید اور اچھے اخلاق سکھائیں۔
بچوں کی وراثت اور مالی حقوق
اسلام میں بچوں کے وراثت اور مالی حقوق محفوظ کیے گئے ہیں۔ سورہ النساء میں بچوں کا وراثتی حق مقرر کیا گیا ہے تاکہ ان کے مالی حقوق کا تحفظ ہو سکے۔
اسلام بچوں کو یتیمی میں خاص مدد دینے اور ان کے مال وحقوق کی حفاظت کرنے کی تعلیم دیتا ہے تاکہ ان کا حق ضائع نہ ہو۔ آپ ﷺنے فرمایا: میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا خواہ وہ یتیم اس کا رشتے دار ہو یا غیر، جنت میں اس طرح ہوں گے، جیسے یہ دو انگلیاں۔(مسلم:7660)
بیٹے اور بیٹیوں میں انصاف
اسلام میں بیٹوں اور بیٹیوں کو برابر کے حقوق دیے گئے ہیں اور والدین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بیٹے اور بیٹیوں میں فرق نہ کریں۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ سے ڈرو اور اولاد کے درمیان انصاف کرو۔ (مسلم:4267)
چلڈرن ڈے منانے کا حکم
اسلام میں مختلف ڈے جیسے کہ چلڈرن ڈے، فادرز ڈے، مدرز ڈے وغیرہ منانے کا کوئی خاص شرعی حکم نہیں ملتا۔ بلکہ یہ رسومات مغربی ثقافت کی دین ہیں۔ شریعت اسلامی ایک مکمل نظام زندگی ہے جس میں ہر طرح کے حقوق بیان کیے گئے ہیں اور ان کے ادا کرنے کی تاکید بھی کی گئی ہے اس لیے مسلمانوں کو ان مختلف ڈے منانے کی نہ کبھی ضرورت تھی اور نہ ہی آج ہے اسی لیے چلڈرن ڈے منانے سے بچنا چاہیے۔
Comments are closed.