جمعیۃ علماء کے تعمیری پروگراموں کو گھر گھر پہنچانے کیلئے وسط زون کا اجلاس لکھنؤ میں منعقد، کئی اہم تجاویز منظور

کانپور۔ مدرسۃ الحرم رحمان کھیڑا ہردوئی روڈ لکھنؤ میں جمعیۃ علماء وسطی زون کا ایک روزہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں زون کے 28 اضلاع کے صدور ونظماء ومدعوئین خصوصی نے شرکت کی۔ پہلی نشست کی صدارت جمعیت علماء ضلع بہرائچ کے صدر قاری زبیر احمد قاسمی نظامت زون کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی نے کی۔
زون کے صدر محترم مولانا اسلام کے الحق اسجد قاسمی نے سبھی اضلاع کی کارکردگی کی توثیق کرتے ہوئے کہا آپ کا جس علاقے سے بھی تعلق ہو اس علاقے میں مکاتب ضرور قائم کریں ، کیونکہ عقائد جب بھی بگڑتے ہیں اس کی ایک بنیادی وجہ یہی ہوتی ہے کہ وہاں پر ہمارے مکاتب موجود نہیں ہوتے، جمعیۃ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا اس وقت جمعیۃ کا ایک اہم مقصد نہ صرف مسلمان بلکہ تمام افراد کے مسائل کو افسران تک پہونچا کر ان کے تصفیے کی کوشش کرنا بھی ہے۔
ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے جمعیۃ کے تعمیری پروگرام کے تحت تعلیمی ، دینی ، سماجی ، اقتصادی شعبہ جات کا تعارف کراتے ہوئے مرکز کی اہم ہدایات سے روشناس کرایا انہوں نے بتایا سبھی اضلاع میں مسلم اسکولی طلبہ کے لیے دینی تعلیمی بورڈ کے تحت جز وقتی، اور کل وقتی مکاتب کا قیام لازم ہے، جمعیت اوپن اسکول کے نظام کے تحت مدارس کے طلبہ کو دسویں اوربارویں کی تعلیم کے سرٹیفیکیٹ فراہم کرائیں جائیں ، سیرت اور دیگر دینی موضوعات پر طلبہ کے تقریری اور تحریری مقابلوں کا انعقاد اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے تقسیم انعامات کاسلسلہ جاری کیا جائے ، اساتذہ کی ٹریننگ کا بھی بندوبست ضروری ہے ، اسلامی موضوعات پر کتابیں اور لٹریچر شائع کئے جائیں، تعلیم بالغان کا بندو بست کیا جائے،اصلاح معاشرہ کے تحت درس قران و درس حدیث ، سیرت ، تاریخ اسلام اور تاریخ جمعیت علماء ہند جیسے موضوعات پر پروگرام کا اہتمام کیا جائے ، بے ہودہ رسم ورواج ، شادی کی فضول خرچیوں کی اصلاح پر مبنی مذہبی ، اخلاقی اور اصلاحی لٹریچر تقسیم کئے جائیں، سماجی ہم آہنگی کیلئے مختلف مذہبی وسماجی رہنما کو اپنے پروگرام میں مدعو کیا جائے۔ انوں نے ہر ضلع میں محکمہ شرعیہ ، ملت فنڈ، جمعیۃ یوتھ کلب جیسے دیگر شعبوں کے قیام پر زور دیا ، انہوں نے بتایا نئی میقات کیلئے جدید ممبر سازی ہونی ہے، اس کے بعد جدید انتخابات ہوں گے،انہوں نے بتایا لکھیم پور اجلاس عام سے قبل ہر مثالی ضلع میں تربیتی پروگرام ہوگا، سبھی مثالی اضلاع کے ذمہ داران نے اپنے ضلع میں تربیتی پروگرام کے انعقاد کیلئے مشورے کے بعد تاریخ کے تعین کی یقین دہانی کرائی۔
جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی نے سابقہ کاروائی کی خواندگی کی ، حاضرین نے توثیق کی۔ دینی تعلیمی بورڈ کے ریاستی خازن اور مدرسۃ الحرم کے منتظم مولانا نجیب الحسن صدیقی نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سب کا شکر یہ ادا کیا ، انہوں نے کہا یہ مشاورتی اجتماع ایسے وقت میں منعقد ہورہا ہے جبکہ موجودہ حالات کے تناظر میں پوری ملت کی نگاہیں تنظیم کے شاندار ماضی کے پیش نظر جمعیت علماء کی طرف جمی ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ کرنے کا جنون لے کر اٹھیں تبھی ہم زمینی سطح پر کامیاب ہو سکتے ہیں، اپنے دائرۂ کار کو وسیع کریں، مواضعات کا دورہ کریں، خود اپنے اندر حوصلہ پیدا کریں اور ملت کو یا س و نا امیدی سے باہر نکالیں، انہوں نے کہا قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی دو باتیں ہم ذہن میں رکھیں ان شاءاللہ حوصلہ ملے گا، ایک ہر کام رضائے الٰہی کے لئے ہو، اللہ ضائع نہیں کرے گا، دوسرے ، ناگفتہ بہ حالات پرآنسو نہ بہائیں مسلسل کام کرتے رہیں، حالات گناہوں کی معافی یا رفع درجات کیلئے آتے ہیں، اضلاع کے صدور ونظماء نے اپنے اپنے ضلع کی سابقہ کارکردگی پیش کی۔
مولانا محمد سلمان سیتاپوری نے پروجیکٹر کے توسط سے حاضرین کو جمعیۃ کی آن لائن ممبر سازی کا طریقہ بتا یا، انہوں نے بتایا پرائمری ممبری فیس 10 روپئے اور ایکٹیو ممبری فیس 100 روپئے ہے، ایکٹیو ممبران کے لئے اپنے تحت سو ممبران جوڑنا لازم ہے۔
مفتی ظفر احمد قاسمی نے اسلامو فوبیا اور ہیٹ کرائم کے تحت پیش آنے والے واقعات کی رپورٹ درج کرانے اور اس سلسلے میں عوام کی مکمل رہنمائی پر زور دیا۔
قاری زبیر احمد بہرائچ نے اصلاح قلب کی جانب حاضرین کو توجہ دلائی، انہوں نے کہا اپنی اصلاح پر پہلے جیسی محنت ہوتی اب نہیں ہوتی، اللہ نے انسانوں کو جو بار امانت سپرد کیا ہے وہ بار امانت صحیح سے اٹھانا آجائے تو دنیا کی ہر چیز ہمارے لئے مسخر ہوجائے گی، انہوں نے کہا کتابوں سے معلومات میں تو اضافہ ہوتا ہے، قلب کی اصلاح نہیں ہوتی ، اصلاح قلب کیلئے صحبت اولیا وعلماء اور اذکار و وظائف کے اہتمام سے ہوتی ہے۔
مولانا عبدالعلی فاروقی لکھنوی نے جمعیت علماء کی موجودہ خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا یہ تنظیم فکری و ذہنی طور پر اکابر کی جماعت ہے، مولانا نے دینی خدمات انجام دینے والوں کو خود اپنی اصلاح پر بھی توجہ دلائی مولانا عنایت اللہ بہرائچی نے دینی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔
پہلی نشست کا آغاز مدرسۃ الحرم کے طالب علم حافظ محمد انس کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا نعت و منقبت مدرسے کے طالب علم نے پیش کی، مولانا عبدالعلی فاروقی کی دعا پر اجلاس کی پہلی نشست اختتام پذیر ہوئی۔
Comments are closed.