فلاح انٹرنیشنل گرلز اسکول مدھوبنی” میں دعائیہ تقریب بموقع تکمیل حفظ قرآن!

`رپورٹ: از شمس الدین سراجی قاسمی`
شہر مدھوبنی میں بچیوں کے لیے دینی و عصری تعلیم کے امتزاج، عالمیت کے ساتھ میٹرک کورس پر مشتمل تعلیمی ادارہ، محبوبِ ملت حضرت مولانا قاضی محمد حبیب اللہ صاحب رحمہ اللہ کے دیرینہ خواب کی حسین تعبیر ”فلاح انٹر نیشنل گرلز اسکول اردو کالونی بھوارہ مدھوبنی“ حضرت مفتی محمد روح اللہ صاحب قاسمی ناظم تعلیمات مدرسہ فلاح المسلمین مدھوبنی کی سرپرستی اور قاضی محمد امداداللّٰہ صاحب قاسمی قاضی شہر مدھوبنی کی نگرانی میں اپنے نیک مقاصد کی طرف رواں دواں ہے، جس کی ایک تازہ ترین مثال یہ ہے کہ ہمارے اسکول کی ایک بچی نے انتہائی قلیل مدت میں حفظ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی ہے۔
اور آج مورخہ ٨؍ دسمبر ٢٠٢٤ء مطابق ٥؍ جمادی الاخری ١٤٤٦ھ بہ روز اتوار اسی بابرکت موقع سے صدر جمیعۃ علماء مدھوبنی کی صدارت میں ایک دعائیہ تقریب رکھی تھی جس میں صدر جمیعۃ علماء مدھوبنی بہار حضرت مفتی ابوذر صاحب قاسمی، قاضی شہر مدھوبنی حضرت قاضی امداد اللہ صاحب قاسمی، ناظم تعلیمات مدرسہ فلاح المسلمین مدھوبنی حضرت مفتی روح اللہ صاحب قاسمی، جنرل سیکرٹری جمیعۃ علماء مدھوبنی حضرت مولانا نور اللہ صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ کے علاوہ دیگر علم دوست احباب، علاقے کے بااثر و معزز افراد اور مدھوبنی کے کئی نمایاں چہرے شامل تھے۔
تقریب کا آغاز اسی اسکول کی طالبہ نافلہ بنت قاری عزیر (کلاس ٹو)کی تلاوت سے ہوئی بعدہ اسی اسکول کی طالبہ نے نعتیہ کلام پیش فرمایا اور اس کے بعد مختلف موضوعات مثلاً علم دین کی فضیلت و اہمیت ، فکر آخرت، قرآن مجید ، رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ، حجاب کیوں ضروری ہے؟ ، وغیرہ پر اسکول کی طالبات نے اپنی صلاحیت و قابلیت کے جوہر دکھلائے۔ بعدہ اسکول کے سرپرست حضرت مفتی محمد روح اللہ صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ کا پرمغز بیان ہوا، حضرت نے بیان کے دوران فلاح انٹرنیشنل گرلز اسکول کے تعارف و مقاصد سے لوگوں آشنا کروایا اور کہا کہ یہ اسکول حضرت مولانا قاضی محمد حبیب اللہ صاحب رحمہ اللہ کے دیرینہ خواب کی حسین تعبیر ہے جس کا پھل آج آپ کو دیکھنے کو مل رہا ہے، اور یہ پہلی یا آخری بار نہیں ہے ان شاء اللہ اس طرح کی تقریبات آپ گاہے بگاہے دیکھتے رہیں گے ۔
اس کے بعد صدر جمیعۃ علماء مدھوبنی حضرت مفتی ابوذر صاحب قاسمی کا روح پرور خطاب ہوا جس میں انہوں نے اسکول کے انتظامیہ سمیت تمام اساتذہ و عملہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسکول پورے علاقے کے لئے نعمت ہے، اس اسکول نے بہت ہی کم وقت میں ایک بڑی خدمت انجام دی ہے اللہ اسے قبول فرمائے اور اسکول کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے ۔
بعدہ علاقے کے موثر علماء جنرل سکرٹری جمیعۃ علماء مدھوبنی حضرت مولانا نور اللہ صاحب کا تاثراتی خطاب ہوا، بعدہ حضرت مولانا مرتضی صاحب قاسمی کوتوالی چوک کا بھی تاثراتی خطاب ہوا جس میں انہوں نے ڈنکے چوٹ پر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اسکول کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسکول پورے علاقے کے لئے کفارہ ہے، علاقے کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچے اور بچیوں کو اسکول کے حوالے کریں ان شاء اللہ بہت فائدہ ہوگا، مزید انہوں نے کہا کہ مجھے اس نوعیت کا ادارہ کہیں اور نظر نہیں آتا، ان شاء اللہ یہاں کچھ ہو نہ ہو لیکن ہمارے بچوں اور بچیوں کا ایمان و یقین ضرور محفوظ رہے گا ۔
اس کے بعد اسکول کے روحِ رواں میر کارواں قاضی شہر مدھوبنی مفتی محمد امداداللّٰہ صاحب قاسمی سے بچی نے حفظ قرآن کا آخری درس لیا ، پھر حضرت کا انقلاب آفریں اور معلومات افزا بیان ہوا حضرت نے اسٹیج سے نعرہ دیا کہ آپ ہمیں اپنے بچے اور بچیاں دیں ان شاء اللہ ہم ان کے ایمان و عقیدہ کے تحفظ و سلامتی کے انتظام فراہم کریں گے ۔
اور اس طرح یہ تقریب حضرت کی دعا کے ساتھ بحسن و خوبی پایہ تکمیل کو پہنچی ۔
اس تقریب میں تشریف لانے والے تمام معزز مہمانان کا اسکول دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ کہتا ہے۔
`جزاک اللہ خیرا و احسن الجزاء فی الدارین`
*اسکول کے تعلق سے جانکاری حاصل کرنے کے جناب حافظ رحمت صاحب آفس انچارج فلاح انٹرنیشنل گرلز اسکول سے رابطہ کریں ۔*
*رابطہ نمبر +6200003166*
*سوشل میڈیا ڈیسک*
*فلاح انٹر نیشنل گرلز اسکول اردو کالونی بھوارہ مدھوبنی*
Comments are closed.