جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک کے نئے شیخ الحدیث مولانامحب اللہ قاسمی نے بخاری شریف پڑھاکر درس کاکیا آغاز

مولانامحب اللہ قاسمی کو فخرالمحدثین حضرت مولانا فخرالدین مرادآبادی سے بخاری شریف پڑھنے کاشرف حاصل
مدھوبنی(پریس ریلیز)شمالی بہار میں لڑکیوں کی تعلیم وتربیت کی مرکزی درسگاہ جامعہ عائشہ صدیقہؓ نورچک میں نئے شیخ الحدیث مولانا محب اللہ قاسمی نے آج بخاری شریف پڑھاکر باضابطہ اپنے درس کا آغاز کردیا، مولانا محب اللہ قاسمی دارالعلوم دیوبند کے بہت ہی قدیم اور باصلاحیت فاضل ہیں، انہیں فخرالمحدثین حضرت مولانا فخرالدین مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہ سابق شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند سے بخاری شریف پڑھنے کا شرف حاصل ہے، اس کے علاوہ انہیں مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمودالحسن گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت مولانا فخرالحسن دیوبندی رحمۃ اللہ علیہ سے بھی شرف تلمذ حاصل ہے۔ مولانا محب اللہ قاسمی موجودہ دور میں اسلاف کا نمونہ ہیں، ان کاشمار فخرالمحدثین حضرت مولانا فخرالدین مراداًبادی کے آخری تلامذہ میں ہوتا ہے۔ جامعہ عائشہ صدیقہؓ نورچک سے قبل وہ جامعہ عربیہ شمس العلوم شاہدرہ دہلی میں بھی شیخ الحدیث کے منصب پرفائز رہ کرطالبان علوم نبوت کو حدیث کا درس دیا ہے ۔ جامعہ عائشہ صدیقہؓ نورچک کے بانی وناظم مفتی محمد حسنین قاسمی نے کہا کہ جامعہ عائشہ صدیقہؓ نورچک کو بہت دنوں سے ایک بزرگ اور صاحب نسبت شیخ الحدیث کی ضرورت تھی جسے آج الحمدللہ اللہ نے پوری کردیا ہے، مولانا محب اللہ قاسمی ایک باصلاحیت اورتجربہ کار استاذ ہیں ،ایک طویل عرصے تک درس وتدریس کا تجربہ ہے، مولانا محب اللہ قاسمی کا جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک میں آنا جامعہ کے لئے نیک فال ہے۔ مفتی محمدحسنین قاسمی نے مزید بتایا کہ مولانا محب اللہ قاسمی صاحب جامعہ کی طالبات کو بخاری شریف جلداول کے ساتھ مسلم شریف اول، ہدایہ جلدثانی اور الفیۃ الحدیث کادرس دیں گے ۔ اس کے علاوہ وہ جامعہ کی تعلیمی وتربیتی سرگرمیوں کی نگرانی فرمائیں گے ۔ الحمدللہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ آج سے انہوں نے باضابطہ تدریس کا آغاز کردیا ہے، اللہ تعالیٰ مولانا محب اللہ قاسمی کی جامعہ عائشہ صدیقہؓ نورچک میں آمد کو جامعہ کے لئے بھی اور علاقہ کے لئے بھی خیروبرکت کا باعث بنائے ۔ آمین ،اس موقع پر جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک کے اراکین ٹرسٹ، اراکین مجلس شوریٰ اور ٹرسٹ کے صدر محمد اسرائیل نے مولانا محب اللہ قاسمی کے شیخ الحدیث کی حیثیت سے منتخب کرنے کو حسن انتخاب قرار دیتے ہوئے جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک کے بانی و ناظم مفتی محمد حسنین قاسمی کو مبارکباد پیش کی اور دعاؤں سے نوازا.
Comments are closed.