اسلام کانظریہ صحت

نام کتاب: اسلام کا نظریہ صحت
مصنف : ڈاکٹر محامد عبدالحی
مترجم : مولانا غلام سرور ندوی
مبصر : ڈاکٹر نورالسلام ندوی
ڈاکٹر محامد عبدالحئی کا شمار پٹنہ کے مشہور اور بڑے ڈاکٹروں میں ہوتا ہے، ان کا امتیاز یہ ہے کہ انہوں نے پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی اپنا رشتہ استوار رکھا اور قرآن کریم کی ترجمے و تفاسیر کا بھی مطالعہ جاری رکھا، جس کے نتیجے میں انہوں نے کئی اہم کتابیں تصنیف کیں، جن میں قرآن و حدیث میں بیان کی گئی باتوں کا جدید عصری سائنسی تحقیق کی روشنی میں جائزہ لیا اور بتایا کہ جو باتیں جدید سائنسی تحقیق کی روشنی میں سامنے آرہی ہیں ان کو قرآن کریم نے ساڑھے چودہ سو سال پہلے ہی بیان کر دیا تھا، ان کی ایک اہم کتاب ’’اسلام کا نظریہ صحت‘‘ ہے اس کا ہندی ترجمہ مولانا غلام سرور ندوی نے ’’سواستھ اسلام کی درشٹی میں‘‘ کے عنوان سے بہترین اسلوب میں کیا ہے، اس سے اس کی افادیت مزید عام ہوگی اور ان حلقوں تک اس کی رسائی ہوگی جو اردو نہیں جانتے ہیں۔
ترجمہ نام ہے کسی تحریر یا تصنیف کو ایک زبان سے دوسری زبان میں منتقل کرنا، یہ نازک اور مشکل فن ہے، اس کے لیے دونوں زبانوں کے افکارو علوم سے آگاہی اور دونوں زبانوں پر قدرت حاصل ہونا ضروری ہے، ہر زبان کا اپنا مزاج ہوتا ہے، اس کا اپنا لہجہ ہوتا ہے، اس کی اپنی مصطلحات، تراکیب اورتعبیریں ہوتی ہیں،ترجمہ نگار کے لیے ان چیزوں سے واقفیت ضروری ہے، کتاب کے مطالعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ فاضل مترجم نے با محاورہ ترجمہ کیا ہے، جس میں اصل مواد کی روح کو اس کی حقیقی شکل میں پیش کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے، مذہبی اور سائنسی کتابوں کا ترجمہ مزید مشکل ہے، لیکن مترجم نے اس مشکل کو آسان بنا کر پیش کیا ہے، مترجم ایک لانبے عرصے سے ترجمہ و تالیف کا فریضہ بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں، انہیں مختلف زبانوں پر قدرت حاصل ہے،اردو، ہندی، انگریزی کے علاوہ عربی اور فارسی زبانوں پر اچھی مہارت حاصل ہے،لہذا انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خوب سے خوب تر ترجمہ کیا ہے،جس کیلئے مترجم بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس کتاب کو ہندی زبان میں منتقل کرنے کی ضرورت کیوں پڑی اس کے بارے میں ترجمہ نگارلکھتے ہیں:
’’ اس کتاب کے ہندی ترجمے کی ضرورت اس لیے پڑی کہ عصر حاضر میں اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں، امید ہے کہ اس کتاب کے ذریعے اسلام کے بنیادی اصولوں اور تعلیمات کے بارے میں صحیح جانکاری ہمارے غیر مسلم بھائیوں تک پہنچے گی۔‘‘
اسلام دنیا کا ایک ایسا مذہب ہے جس نے شعبہ ہائے زندگی کے ہر پہلو کے لیے مکمل رہنمائی اور دستگیری کی ہے، صحت اور بیماری کے سلسلے میں بھی اسلام نے واضح تعلیمات دی ہے، مذکورہ کتاب میں قرآن و احادیث میں صحت اور بیماری سے متعلق دیئے گئے احکامات کا جدید میڈیکل سائنس کی نظر سے تجزیہ کیا گیا ہے، جن کے مطالعے سے ایمان میں تازگی اور حلاوت پیدا ہوتی ہے اور اسلام کی حقانیت واضح ہوتی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب میں بتایا گیا ہے کہ اسلام میں صحت کی کیا اہمیت ہے،اسلامی عبادات، فرائض مثلاً وضو، نماز، روزہ وغیرہ کے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، اور اس کے کیا فوائد ہیں؟ اسلام میں غذاؤں سے متعلق کیا کیا احکامات ہیں؟ غذاؤں کے جسمانی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اسلام میں جو چیزیں حلال ہیں ان کے مثبت اثرات کس طرح جسم پر پڑتے ہیں اور جو چیزیں حرام یا ممنوع ہیں ان کے نقصان دہ پہلوؤں کو بھی واضح کیا گیا ہے، اسلام میں ختنے کا حکم، اس کے طبی فوائد پر بھی جدید سائنسی نقطہ نظر سے روشنی ڈالی گئی ہے، اسلام اور نفسیاتی صحت، ہم جنس پرستی کے نقصانات، اسلامی ہسپتالوں کی تاریخ، ماہر اطبا کی خدمات بھی زیر قلم لائی گئی ہیں، اہم بات یہ ہے کہ وباء،طاوعون اور کرونا وائرس جیسے موضوعات پر بھی اسلام کا نظریہ پیش کیا گیا ہے،جو بے حد اہم ہے اور معلوماتی ہے۔
یہ کتاب جہاں مصنف کے دینی اور مذہبی مزاج وفکر کی عکاسی کرتی ہے وہیں ان کا قرآنی اشتغال، مطالعہ کی گہرائی اور تحقیقی ذوق کا بھی پتہ دیتی ہے،یہ اقتباس ملاحظہ کیجئے:
’’گزشتہ کئی دہائیوں سے بڑے پیمانے پر یہ تسلیم کیا جا رہا ہے کہ مذہبی عقائد اور جسمانی عمل، ذہنی اور نفسیاتی سطح پر صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں، طبی اور سائنسی تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ مذہبی احکامات اور تعلیمات جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں اور علاج میں معاون ثابت ہوتے ہیں، یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ جو لوگ پابندی سے مذہبی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں وہ جلدی ٹھیک ہو جاتے ہیں، اللہ کے احکامات پر کامل یقین اور بھروسہ اور ان پر عمل کرنا اچھی صحت کے لیے ضروری ہے، روزانہ قرآن پاک کی تلاوت کرنے سے بھی دل پر بہت اچھا اثر پڑتا ہے، اور یہ دل کو بہت سی بیماریوں اور الجھنوں سے بچاتا ہے، اگر کوئی بیمار اور زخمی شخص قرآن مجید کی تلاوت کرے یا اس کے سامنے قرآن پاک پڑھا جائے تو اس کے زخم جلد بھر جاتے ہیں اور وہ بیماری سے شفایاب ہو کر تندرست ہو جاتا ہے، ایسی بہت سی مثالیں ہیں جو طبی دنیا میں سائنس دانوں کی تحقیق سے سامنے آچکی ہیں۔‘‘
کتاب کے مطالعے سے صحت، بیماری، علاج اور دوا کے سلسلے میں اسلام کا نقطہ نظر واضح ہوتا ہے، اور شعبہ طب میں مسلمانوں کی معیاری خدمات پربھی روشنی پڑتی ہے، کتاب بے حد اہم، معلومات افزا اور ایمان و یقین کی شمع کو فروزاں کرنے والی ہے، کتاب اس لائق ہے کہ ہر پڑھے لکھے شخص کواس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔176 صفحات پر مشتمل یہ کتاب القرآن اکیڈمی، پٹنہ سے شائع ہوئی ہے،سن اشاعت،قیمت اور ملنے کے پتے کتاب میں درج نہیں ہیں۔
______
Comments are closed.