حضرت امیر شریعت کا حضرت مولانا جعفر مسعود حسنی صاحب کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

 

پریس ریلیز

حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم، سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے حضرت مولانا جعفر مسعود حسنی صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ حضرت امیر شریعت نے اپنے تعزیتی بیان میں فرمایا کہ حضرت مولانا سید جعفر مسعود حسنی ایک مخلص عالم دین، بہترین منتظم، اور ملت کے بے لوث خادم تھے۔ ان کی زندگی علم و عمل، اخلاص اور دین کی خدمت سے عبارت تھی۔مولاناؒ کی علمی و انتظامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کا انتقال نہ صرف ندوۃ العلماء بلکہ پوری ملت اسلامیہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

 

حضرت امیر شریعت نے مزید فرمایا کہ حضرت مولانا جعفر مسعود حسنی صاحب کی زندگی دین و ملت کی خدمت میں گزری۔ وہ ایک باعمل اور بافیض عالم دین تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں کیا جا سکے گا۔

 

حضرت امیر شریعت نے حضرت مولاناؒ کے اہل خانہ، عزیز و اقارب، اور ندوۃ العلماء کے تمام متعلقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق دے اور ان پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔

 

آخر میں حضرت امیر شریعت نے تمام افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ مولانا سید جعفر مسعود حسنی صاحب کے لیے دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب کا اہتمام کریں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو رہیں۔

 

واضح رہے کہ ندوۃ العلماء کے ناظر عام، مولانا سید جعفر مسعود حسنی صاحب ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

 

 

 

 

Comments are closed.