آہ صادق بھائی! آسماں تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے۔ غلام مصطفیٰ عدیل قاسمی
تعزیت بر وفات جناب احسان احمد صادق رحمه الله

آصادق بھائی! آسماں تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے۔
غلام مصطفیٰ عدیل قاسمی
ایسوسی ایٹ ایڈیٹر ملی بصیرت ممبئی و بصیرت آن لائن
ابھی ٦/رمضان شب جمعہ کے آخری پہر یہ جاں گسل خبر نظر سے گزری کہ حیدرآباد دکن کے معروف ادارہ دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد کے انتہائی مخلص، محب علم و علماء، منکسرالمزاج، متحرک و فعال، منتظم باکمال خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، مولانا رضوان القاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی امانتوں کے امین و پاسدار، طلبۂ مدرسہ کی خدمات و سہولیات کے لیے ہر دم ہر پل بے چین و تیار رہنے والے جناب احسان احمد المعروف بہ "صادق بھائی” گدڑی میں لعل و گہر سموئے مسافران آخرت میں شامل ہوگئے۔
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
جس طرح آپ نے اپنی ساری زندگی اساتذہ و طلبہ کے لیے قربان کیا ہے اس کی نظیر ملنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔
مجھے یاد ہے "قضیہ نامرضیہ” کے بعد مدرسہ کی مالی حالت ناگفتہ بہ ہو چکی تھی، ساری بنیادیں چرمرا گئی تھیں ایسے پرآشوب اور کلفت بھرے وقتوں میں ہم چند بچوں کو لیکر ٹولی چوکی، بنجارہ ہلز، مانصاحب ٹینک اور گولکنڈہ کی مساجد میں پہنچتے اور بچوں کے بجائے آپ بذات خود لوگوں کے سامنے طلبہ کے لیے ایسی گہار لگاتے اور "بھیک”مانگتے کہ سن کر ہمارا کلیجہ منہ کو آ جاتا۔ اور واپسی پر جیب خاص سے معظم جاہی مارکیٹ کی آئس کریم اور کبھی فالودہ سے روح کو تازگی بخشتے!
وفات کی خبر پڑھتے ہی یکلخت نیند کا خمار اتر کر ذہن و دماغ میں پرانی یادوں کا سیلاب امڈ آیا ہے خیر اسے رہنے دیں۔
آہ ایسے محسن کو، ایسے مونس کو، ایسے محب کو، ایسے ولی صفت کو ہم کیسے بھول سکتے ہیں۔
ربا! ایسے دلکش و دلگیر بندہ کی دستگیری فرما کر اپنی خاص رحمت کا سایہ عطاء فرما اور اپنی شایان شان صادق بھائی کو اجر جزیل عطاء فرما۔
قلب رنجور و مہجور ہوا تیرا ساتھ چھوٹنے سے۔
آسماں تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے۔
اللہ پاک جمیع اہل خانہ کو بالخصوص اور ہم محبین و منتسبین کو بالعموم صبر جمیل عطاء فرمائے اور مدرسہ کو نعم البدل عطاء کرے۔
سوگوار و دعا گو : غلام مصطفیٰ عدیل قاسمی۔
Comments are closed.