جماعت اسلامی مہاراشٹر کی جانب سے صحافیوں کے لیے خصوصی دعوت افطار کا اہتمام

ممبئی (بصیرت آن لائن) گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی جماعت اسلامی حلقہ مہاراشٹر کی جانب سے ممبئی کے سرکردہ صحافیوں کے لیے خصوصی دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا، یہ دعوت جماعت کے ریاستی دفتر دارالفیض بلڈنگ مدنپورہ میں ہوئی، اس موقع پر منعقد خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے معروف صحافی اور روزنامہ ہندوستان کے مدیر سرفراز آرزو نے کہا کہ موجودہ وقت گوکہ بہت ہی نازک ہے اور ہر چہارجانب سے مسلمانوں کو ہراساں اور پریشان کرکے انہیں ڈر اور خوف کی زندگی جینے پر مجبور کیا جارہا ہے، لیکن ہمیں ان حالات سے بالکل بھی گھبرانا نہیں ہے اور نہ ہی مایوس ہونے کی ضرورت ہے، اگر ہم ڈر گئے اور مایوس ہوگئے تو پھر ہمارے لیے اس ملک میں جینا دوبھر ہوجائے گا، اور یہی ان کا مقصد ہے، اس سے پہلے بھی حالات آئے ہیں اور اس سے بھی بدتر حالات کا ہمارے آباؤ اجداد نے سامنا کیا ہے، لیکن وہ وقت بھی گذر گیا، انشاءاللہ یہ وقت بھی گزر جائے گا، ہم صحافی ہیں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی قوم کو ڈر خوف اور مایوسی والی زندگی سے باہر نکالیں،
سینئر صحافی اور روزنامہ ممبئی اردو نیوز کے ایڈیٹر شکیل رشید نے کہا کہ ہمارا کام ہے حق کی آواز بلند کرنا، ظلم کے خلاف آواز اٹھانا، انصاف کی جدوجہد کرنا اور بلاخوف سچائی کو اپنی عوام کے سامنے پیش کرنا ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو انتہائی امانت و دیانت کے ساتھ ادا کرنا ہے اور اپنی قوم کو ڈر، خوف اور مایوسی کی دنیا سے باہر نکالیں اور انہیں سربلند کرکے جینا سکھائیں، روزنامہ معیشت کے ایڈیٹر دانش ریاض نے کہا کہ ہمیں اپنی صحافت میں انگریزی اور متعصب میڈیا کی روش اختیار کرنے سے بچنا چاہیے، ہمیں جو سچ اور حق ہے وہی لکھنا چاہیے، ٹائمز آف انڈیا کے سینئر صحافی وجیہ الدین نے بھی موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمارے اسلاف 1857، 1947 دیکھ چکے ہیں تو ان حالات کے سامنے آج کے حالات کچھ بھی نہیں ہیں، ہمیں بالکل بھی مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، دعوت افطار میں ممبئی شہر کے میڈیا کے سبھی طبقہ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی،
جن میں روزنامہ اردو ٹائمز کے ایڈیٹر فاروق انصاری، بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر غفران ساجد قاسمی، روزنامہ صحافت کے ایڈیٹر ہارون افروز، شاہد انصاری، فرحان حنیف وارثی، ہندی ویب پورٹل قومی فرمان کے مالک و مدیر رئیس خان ، نور قاضی ، ہندی روزنامہ دینک بھاسکر کے نامہ نگار مفید خان ، ہندوستان ٹائمز کے حارث شیخ ، کالم نگار پروفیسر عرفان شاہد وغیرہ شریک تھے. میزبانی کے فرائض جماعت اسلامی مہاراشٹر کے حلقہ سکریٹری ظفر انصاری اور دیگر کارکنوں نے انجام دیئے ۔
Comments are closed.