وقف ترمیمی بل کے خلاف ملی جماعتوں کا خوبصورت اتحاد مایوسیوں کے اندھیرے میں امیدوں کا چراغ ۔۔۔

مسلم پرسنل لاء بورڈ کی قیادت میں یہ مشترکہ اتحاد ملک میں انقلاب کی نئی تاریخ مرتب کرے گا ۔۔۔۔
محمد اطہر القاسمی
نائب صدر جمعیت علماء بہار
________________________
وقت کی یہ خوبصورتی ہے کہ وہ ہمیشہ یکساں نہیں رہتا ،کبھی دکھ کبھی سکھ ،کبھی غم کبھی خوشی ،کبھی ناکامی اور کبھی کامیابی ،کبھی مشکلات تو کبھی آسانیاں اور کبھی مایوسی تو کبھی امیدوں کے چراغ ؛یعنی حالات خواہ جتنے بھی کٹھن ہوں، مشکلات کے بادل جتنے بھی کالے ہوں ،ایک نہ ایک دن آسانیوں کی صبح کا سورج ضرور طلوع ہوتا ہے اور اپنی خوبصورت روشنی سے اندھیروں کا سینۂ چیر کر ایک نیا انقلاب لکھ دیتا ہے ۔
ایک طویل عرصے سے ملت اسلامیہ ہندیہ سخت مصائب اور شدید نامساعد حالات سے دوچار ہے اور فی الوقت انتہائی نازک ترین موڑ پر کھڑی اپنے شاندار ماضی کو یاد کرکے اپنے حال پر افسردہ اور مستقبل پر سخت رنجیدہ ہے ۔
فسطائی قوتوں کے اتنے توانا ہونے کے پیچھے سینکڑوں اسباب و عوامل ہیں ،ایک خاص وجہ ملک بھر کی ہماری اپنی ملی قیادتوں اور دینی جماعتوں کا انتشار بھی ہے جس سے یہ طاقتیں بھرپور فائدہ اٹھاتی چلی آرہی ہیں ۔
اللہ رب العزت کا بےانتہا فضل وکرم اور اس کا احسان عظیم ہے کہ اس نے اپنے اصول "ہر مشکل کے بعد آسانی بلکہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی کے تحت وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کو توفیق بخشی اور اس نے اصولی و کاغذی مخالفت کی تمام تر کوششوں کی ناکامیوں کے بعد ملک بھر کی قدیم ترین ،تاریخ ساز ،باغیرت ،با اثر اور اپنے حلقے و خطے میں مرکزیت کی حامل تقریباً تمام تر ملی جماعتوں و تنظمیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر کھڑا کر دیا اور وقف ترمیمی بل کو موضوع بناکر ملت پر تسلسل کے ساتھ جاری جبر و تشدد ،ظلم و ستم ،غیر جمہوری ،غیر آئینی اور غیر شرعی و غیر مذہبی اقدامات کے خلاف یہ سب سینہ سپر ہوگئے ۔
ایں سعادت بزور بازو نیست
تا نہ بخشد خدائے بخشندہ ۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ نے سوسالہ تنظیم جمعیت علماء ہند ،جماعت اسلامی ہند ،جمعیت اہل حدیث ،مجلس مشاورت ،ملی کونسل ،ادارہ شرعیہ اور امارت شرعیہ بہار اڑیسہ و جھارکھنڈ جیسی تاریخ ساز جماعتوں کے اشتراک سے 17 مارچ 2025 کو راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر متحدہ احتجاجی مظاہر کرکے ایسی تاریخ رقم کردی کہ مایوسیوں کے اندھیرے میں امیدوں کے چراغ روشن ہوگئے ۔
بحمد اللّٰہ رمضان کے بابرکت ایام کی برکتوں سے یہ متحدہ احتجاجی مظاہرہ ملک بھر کی ملی قیادت پر عوامی اعتماد کی بحالی کے ساتھ حکمراں طبقے میں بھی سخت پیغام لے کر حاضر ہوا اور پھر آج 26 مارچ 2025 مطابق 25 رمضان المبارک 1446 کو جب یہ متحدہ احتجاجی مظاہرہ آندولن کی دھرتی ریاست بہار کی راجدھانی پٹنہ کے گردنی باغ میں منعقد ہوا تو اس ملت کی گردن مروڑنے اور دین و شریعت کو کمزور کرنے والی طاقتوں کے پاؤں تلے سے زمین کھستی ہوئی نظر آنے لگی اور آج نہیں تو کل یہ احتجاج انہیں اپنا قبلہ اور سمت سفر بدلنے اور حق و انصاف اور آئین و دستور پر عمل کرنے پر مجبور کرے گا اور ملک کی دوسری سب سے بڑی اقلیت کو ان کے مذہب و شریعت سے دور کرنے کی اپنی ناپاک سازشوں اور غلط منصوبوں پر عمل پیرا ہونے سے پیچھے ہٹنے پر بھی مجبور کرے گا ان شاء اللہ ۔
یہ ساری امیدیں صرف اس لئے ممکن ہوسکی ہیں کہ ہماری ملی جماعتیں اور ان جماعتوں کی مرکزی قیادتوں نے یہ سوچ لیا تھا کہ اب پانی سر سے اوپر ہوچکاہے اور اگر ہم اسی طرح اپنے اپنے حلقوں کے ساتھ اپنے اپنے سرکل میں تنہا تنہا کام کرتے رہے تو ملک میں آگے اس سے مزید خطرناک دن دیکھنے کو پڑ سکتے ہیں اور مزید بڑے طوفان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔
یہ اتحاد و یگانگت اللہ رب العزت کی اتنی بڑی نعمت ہے کہ اس کا احسان اللہ رب العزت نے اپنے بندوں پر جتلایا اور فرمایا:
﴿ وَإِن يُرِيدُوا أَن يَخْدَعُوكَ فَإِنَّ حَسْبَكَ اللَّهُ ۚ هُوَ الَّذِي أَيَّدَكَ بِنَصْرِهِ وَبِالْمُؤْمِنِينَ﴾
[ الأنفال: 62]
اور اگر وہ ارادہ کریں کہ تجھے دھوکا دیں تو بے شک تجھے اللہ ہی کافی ہے۔ وہی ہے جس نے تجھے اپنی مدد اور مومنوں کے ساتھ قوت بخشی ۔
تاریخ اس بات پر شاہد ہے کہ قوموں کا عروج و زوال، اقبال مندی و سربلندی، ترقی و تنزلی اور خوش حالی و بدحالی میں اتفاق واتحاد، باہمی اخوت و ہمدردی اور آپسی اختلافات و انتشار اور باہمی نفرت و عداوت بہت اہم رول ادا کرتے ہیں ۔
اس موقعے سے ہمیں حد درجہ خوشی ہورہی ہے کہ ملک کے نازک ترین موڑ پر شدید ترین منافرتی ماحول میں وقف ترمیمی بل کے سے حوالے سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی قیادت میں ملک بھر کی تمام تر مؤقر ملی جماعتیں متحد ہوکر میدان عمل میں آچکی ہیں ۔ابھی تو صرف یہ دو احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں تو ہر طرف چہ میگوئیاں ہیں اور جب یہ تسلسل کے ساتھ ملک بھر میں ایک طویل مدت تک جاری رہیں گے تو ہمیں چڑھتے سورج کی طرح یقین کامل ہے کہ یہ ملی اتحاد ایک نیا انقلاب لکھ کر رہے گا اور جو ملت مایوسیوں کے اندھیرے میں ڈوب رہی تھی وہ کامیابیوں و کامرانیوں کے نئے چراغ روشن کرے گی اور ان کا اعتماد اپنی قیادتوں پر مزید مضبوط ہوگا اور وقف ترمیمی بل کے ساتھ ملت اسلامیہ کے ساتھ تمام تر منفی اقدامات سے یہ فسطائی طاقتیں اپنے کردار و عمل پر ازسر نو غور وفکر کرنے پر مجبور ہوں گی ان شاء اللہ ۔۔۔
اس کامیاب احتجاجی مظاہرے اور مستقبل کے بلند پایہ عزائم کے لئے کامیابیوں کی شاہ کلید آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ،دلوں کی دھڑکن جمعیت علماء ہند ،داستانِ عزیمت جماعت اسلامی ہند ،شانِ ملتِ اسلامیہ امارت شرعیہ بہار اڑیسہ و جھارکھنڈ ،ادارہ شرعیہ ،مسلم مجلس مشاورت ،ملی کونسل ،مومن کانفرنس وغیرہ کے ساتھ اس مؤقف کی حمایت اور نصرت کرنے والی تمام تر اپوزیشن جماعتوں اور ان کے باغیرت و انصاف پسند رہنماؤں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات شاعر مشرق علامہ اقبال کے اس شعر کے ساتھ :
تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں۔
اور جگر مرادآبادی کے بھی اس شعر کے ساتھ :
ہم کو مٹا سکے یہ زمانہ میں دم نہیں
ہم سے زمانہ خود ہے زمانے سے ہم نہیں۔۔۔
عید سے پہلے عید کی مبارک باد ۔🌹🌹💐💐💞💞🤝🤝
Comments are closed.