بیڑ (مراٹھواڑہ) کے گاؤں آدھا مسلا میں مسجد کو بم سے اڑانے کی ناپاک کوشش دو مجرم گرفتار

ممبئی: ۲؍ اپریل(پریس ریلیز)
سنیچر 29 ؍مارچ 2025 کو بیڑ کے ایک مضافاتی گاؤں آدھا مسلا میں ایک مسجد کو منصوبہ بند طریقہ پر بارودی چھڑیوں کے ذریعہ اڑانے کی ناپاک کوشش کی گئی، اس حادثے میں مسجد کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ آدھا مسلا ایک چھوٹی بستی ہے جہاں ہندو مسلم دونوں طبقے کے لوگ رہتے ہیںپولیس نے بروقت کارروائی کرکے دو مبینہ ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے جن میں ایک مسجد کی موقوفہ زمین پر قبضہ کرکے رہائش پذیر ہے۔
جمعیۃ علماء بیڑ کے صدر حافظ محمد ذاکر صدیقی نے ایک وفد کے ہمراہ جائے وقوع کا دورہ کیا اور محکمہ پولیس سے یہ مطالبہ کیا کہ یہ واقعہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے، اس لئے ملزمان پر یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
حافظ محمد ذاکر صدیقی نے پولیس کے عہدے داروں سے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا محمد عارف عمری کی بات کرائی، مولانا عمری نے پولیس پرساشن کی بروقت کارروائی کی ستائش کرتے ہوئے نظم و نسق بحال کرنے پر زور دیا،پولیس محکمے نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حالات کو پوری طرح کنٹرول میں رکھے ہوئے ہیں۔
جمعیۃ علماء بیڑ کا ایک وفد عنقریب اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کرکے اس مجرمانہ کارروائی کی جانچ اور مجرمین پر یو اے پی اے دفعہ لگانے کا مطالبہ کرنے والا ہے۔

Comments are closed.