وقف بل مسلمانوں کے مذہبی حقوق پر حملہ، جے ڈی یو کے مسلم رہنما غیرت دکھائیں: اظہار احمد منا

جالے(رفیع ساگر/بی این ایس)سنگھواڑہ بلاک کے بھرواڑہ کے معروف سماجی کارکن اظہار احمد منا نے وقف بل پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے مذہبی اور سماجی حقوق پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وقف املاک پر تسلط قائم کرنے کی کوشش ناانصافی پر مبنی ہے اور مسلمانوں کے مذہبی امور میں براہ راست مداخلت کے مترادف ہے۔
اظہار احمد منا نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائڈو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام نہاد سیکولرازم کی حقیقت کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی سیاستدان ہیں جو مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے خود کو سیکولر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن جب مسلمانوں کے حقوق اور مذہبی امور کی حفاظت کی بات آتی ہے تو ان کی خاموشی یا مخالف رویہ ان کی اصلیت ظاہر کر دیتا ہے۔
انہوں نے بہار کے مسلم عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں جے ڈی یو کو سبق سکھائیں اور ان کی دوغلی پالیسیوں کا جواب دیں۔ ساتھ ہی، انہوں نے جے ڈی یو کے مسلم ایم پی اور ایم ایل اے سے غیرت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں ذرا بھی خودداری باقی ہے تو فوراً پارٹی سے استعفیٰ دیں اور مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اظہار احمد منا نے تمام انصاف پسند قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بل کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں اور مسلمانوں کے مذہبی حقوق کا دفاع کریں۔
Comments are closed.