وقف بل مسلمانوں کے آئینی حقوق پر حملہ : ڈاکٹر افروز عالم

جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس)کانگریس اقلیتی سیل کے صوبائی سکریٹری ڈاکٹر افروز عالم نے مرکزی حکومت کے مجوزہ وقف بل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے آئینی، مذہبی اور سماجی حقوق پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف کی جائیدادیں صدیوں سے ملت کے تعلیمی، طبی، فلاحی اور دینی اداروں کا ذریعہ رہی ہیں، جن پر حکومتی کنٹرول کی کوشش مسلمانوں کی خودمختاری کو سلب کرنے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر افروز عالم نے کہا کہ حکومت ایک منظم سازش کے تحت اقلیتوں کی معاشی بنیاد کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ تعلیمی اور سماجی میدان میں پیچھے رہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف املاک پر اقلیتوں کا قانونی حق ہے اور اس میں کسی قسم کی مداخلت نہ صرف آئینی اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مسلسل ایسے اقدامات کر رہی ہے جو اقلیتوں کو حاشیے پر دھکیلنے کے لیے کافی ہیں اور وقف بل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈاکٹر افروز عالم نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی اقلیتوں کے حق میں ہمیشہ سے کھڑی رہی ہے اور اس بار بھی ملک گیر سطح پر احتجاج و بیداری مہم کے ذریعے اس بل کی مخالفت کرے گی۔
انہوں نے تمام مذہبی رہنماؤں، سماجی کارکنوں، دینی اداروں اور اقلیتی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر اس بل کے خلاف آواز بلند کریں، تاکہ آنے والی نسلوں کے حقوق محفوظ رہیں۔
Comments are closed.