’حجامہ‘ سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا مؤثر علاج، جدید سائنس بھی معترف : مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

جالے میں ایس آر ہیلتھ کلینک کا آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر کے ہاتھوں افتتاح
جالے( محمد رفیع ساگر /بی این ایس)
حجامہ ایک قدیم اور مؤثر اسلامی طریقہ علاج ہے، جو نہ صرف طب نبوی کا اہم جز ہے بلکہ آج کی جدید سائنس بھی اس کی افادیت کو تسلیم کر چکی ہے۔ 72 سے زائد امراض کے علاج کا خزانہ حجامہ میں موجود ہے۔ چین سمیت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اس طریقہ علاج کو اپنا رہے ہیں۔
اسی اسلامی وراثت کے فروغ کی غرض سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے جمعہ کی نماز کے بعد اپنے آبائی گاؤں جالے کے قاضی محلہ، گاندھی چوک میں ایس آر ہیلتھ کلینک کا افتتاح کیا۔ یہ کلینک معروف یونانی معالج ڈاکٹر سرفراز الرب مجاہد کی زیرِ نگرانی قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا رحمانی نے کہا کہ حجامہ نہ صرف سنتِ نبوی ہے بلکہ ایک سائنسی بنیادوں پر قائم انتہائی مؤثر طریقہ علاج بھی ہے، جسے عوام میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ طبِ نبوی کے احیاء اور اسے جدید انداز میں عوام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر سرفراز الرب نے بتایا کہ کلینک میں حجامہ کے ساتھ ساتھ دیگر یونانی، دیسی و ہربل طریقہ علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر مظفرالاسلام (پٹنہ طبیہ کالج)، مفتی عامر مظہری،انجینئر سیف الرب مجاہد، کانگریس لیڈر صادق آرزو، گلریز خان، حکیم ساجد، معروف صحافی شہنواز بدر قاسمی، محمد عارف اقبال، ذاکر حسین اور مفتی سلیم ناصری بھی موجود تھے، جنہوں نے کلینک کے قیام کو خوش آئند اور علاقہ کے لیے نفع بخش قدم قرار دیا۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر سرفراز الرب کی والدہ حال ہی میں انتقال فرما گئی تھیں، جن کی خدمت انہوں نے انتہائی حسنِ اخلاق و خلوص سے انجام دی۔ ان کی والدہ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی حقیقی ہمشیرہ تھیں۔ مولانا رحمانی جالے اپنے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کے لیے تشریف لائے تھے، اسی موقع پر کلینک کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔
انہوں نے والدین کی خدمت کو اولاد کی زندگی میں برکت اور حسن میں اضافہ کا ذریعہ قرار دیا اور ڈاکٹر سرفرازالرب مجاہد کی مثال کو نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ کہا۔
ایس آر ہیلتھ کلینک طبِ نبوی، حجامہ، اور قدرتی علاج کے فروغ کا مرکز بنے گا، اور جالے سمیت آس پاس کے دیہی علاقوں کے لیے صحت بخش مستقبل کی ایک نئی امید لے کر آیا ہے۔

Comments are closed.