پروفیسر عظمیٰ ارم، جے این میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن مقرر

علی گڑھ: 4 اپریل(پریس ریلیز) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جے این میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی پروفیسر عظمیٰ ارم کو 5 اپریل 2025 سے آئندہ تین سال کی مدت کے لئے شعبہ کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر ارم کو کمیونٹی میڈیسن کے شعبے میں تدریس و تحقیق کا دو دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے معمر افراد میں ڈپریشن کی وجوہات اور اس کے علاج پر ایک کتاب تصنیف کی ہے اور ایم بی بی ایس طلبہ کے لیے ’پریکٹیکل مینوئل آن کمیونٹی میڈیسن‘ کی ترتیب و تدوین میں بھی تعاون کیا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے دو کتب میں ابواب تحریر کیے ہیں اور ان کے 70 سے زائد تحقیقی مقالات قومی و بین الاقوامی تحقیقی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ وہ 82 سے زائد کانفرنسوں، سیمینارز اور سمپوزیم میں حصہ لے چکی ہیں۔
علمِ وبائیات، بایواسٹیٹسٹکس اور تحقیقی طریق ہائے کار میں ان کی مہارت انہیں تعلیمی ڈھانچوں کی تشکیل اور صحت عامہ کے منصوبوں کے اطلاق میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔
پروفیسر ارم، علی گڑھ ضلع کے جواں قصبہ میں قائم رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر کی ممبر انچارج بھی ہیں۔ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ وہ سماجی بہبود کی سرگرمیوں، صحت سے متعلق بیداری مہمات اور مختلف منصوبوں سے بھی وابستہ ہیں، جن کا مقصد بالخصوص علی گڑھ کے پسماندہ علاقوں میں صحت عامہ کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
Comments are closed.