جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام کرلا میں عید ملن مشاعرہ اور کویتری سمیلن کا انعقاد

پتہ نہیں ھمارے نام سے خوف کیوں ہے

دیکھتے ہیں جہاں جہاں مٹا دیتے ہیں

"فرزانہ ڈانگے ”

 

ممبئی، 12 اپریل: جماعت اسلامی ہند حلقہ خواتین ممبئی میٹرو کے زیراہتمام کرلا (مغرب) میں عید ملن کے موقع پر ایک روح پرور مشاعرہ اور "کویتری سمیلن” کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس میں ممبئی کی معروف شاعرات اور ادیباؤں نے شرکت کی۔

 

پروگرام کا آغاز صبا اختر کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض حلقہ خواتین ممبئی میٹرو کی سکریٹری محترمہ ریحانہ دشموک نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے محترمہ ڈاکٹر فریدہ اختر نے رمضان کے تربیتی پہلوؤں اور عید کی روحانی معنویت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات اور گرتی ہوئی معاشی صورتِ حال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

پروگرام کے اہم حصے میں ملک کی ممتاز شاعرہ اور ادیبہ پرتیبھا سراف نے اپنے مراٹھی اشعار پیش کیے۔ فزکس کی لیکچرر ہونے کے ساتھ ان کی 13 کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور 70 سے زائد ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں۔ ان کی نظموں کو ممبئی یونیورسٹی کے نصاب میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

 

اس کے بعد جیشری ہیم چندر نے خواتین کی زندگی پر مبنی اپنا کلام پیش کیا۔ وہ ایک معروف شاعرہ، ٹیچر، اور سماجی خدمت گزار ہیں۔ ان کے 8 کتابیں اور 7 شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔

 

فرزانہ ڈانگے صاحبہ نے ہندی و مراٹھی زبانوں میں اپنا کلام سنایا۔ وہ نہ صرف شاعرہ بلکہ ایک سرگرم سماجی و ثقافتی کارکن، اداکارہ اور کاروباری شخصیت بھی ہیں۔ ان کا شعر

"پتہ نہیں ہمارے نام سے خوف کیوں ہے

دیکھتے ہیں جہاں جہاں مٹا دیتے ہیں”

شرکاء کو بے حد پسند آیا۔

 

مشاعرے میں شریک دیگر معروف شاعرات میں جے شری چودھری، ڈاکٹر سیدہ تبسم، رضوانہ شبنم، مسرت اعظمی، تبسم ٹاٹکر، عذرا خانم، نعیمہ امتیاز، اور شہناز عفت شامل تھیں۔ تمام شاعرات نے اردو، ہندی اور مراٹھی زبانوں میں کلام پیش کیا، جن میں خواتین کے جذبات، معاشرتی مسائل اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغامات نمایاں تھے۔

 

اختتامی خطاب میں راشدہ انصاری صاحبہ نے سامعین سے خطاب کیا۔ وہ جماعت اسلامی کی رکن، ایم ایس سی ڈی ایم ایل ٹی کی حامل اور سابقہ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ کی ملازمہ رہی ہیں۔ ان کے والد جناب عبدالرحمن مرحوم جماعت اسلامی سے وابستہ اور اردو و انگریزی کے کہنہ مشق شاعر تھے۔

 

پروگرام کے اختتام پر ناظمہ حلقہ خواتین ممبئی میٹرو محترمہ ممتاز نذیر نے تمام شاعرات اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرام بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور محبت کو فروغ دیتے ہیں۔ پروگرام میں تقریباً 12 وطنی اور 50 ملّی بہنوں نے شرکت کی۔

آخر میں لذیذ شیر خرما پیش کیا گیا اور دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔

Comments are closed.