ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی اور ریاستی درجہ کی بحالی کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، 23 اپریل 2025
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے جموں کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ کی پرزور مذمت کی اور ہلاک اور شدید طور پر زخمی ہوئے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔
پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملہ، جس میں 28 معصوم جانیں ضائع ہوئیں اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا، ’’یہ بزدلانہ حملہ علاقے میں موجود مسلسل سیکورٹی چیلنجز کی واضح نشاندہی کرتا ہے اور موجودہ سیکورٹی اقدامات کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔‘‘
انہوں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ یہ حملہ اتنی بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کی موجودگی کے باوجود ہوا جو کہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ اس سے مرکزی حکومت کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے کہ وہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کی حفاظت کو یقینی نہیں بنا سکی ہے۔ مرکزی حکومت کے جموں و کشمیر میں صورت حال کےمعمول پر آنے کے دعوے، ایسے حملوں کے بعد کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر الیاس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سکیورٹی کے خلا کو فوری اور مؤثر طریقے سے پر کرے اور علاقے میں امن و امان کو بحال کرے۔ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کا فیصلہ مطلوبہ نتائج نہ لا سکا بلکہ اس سے علاقے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافہ ہی ہوا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل مجرموں کا پتہ لگایا جا سکے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے، تاکہ علاقے میں دوبارہ امن اور معمول کی صورت حال بحال ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک المناک وقت ہے جس میں امن، انصاف اور قومی یکجہتی کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ گودی میڈیا اس افسوس ناک سانحے کو سنسنی خیزی اور فرقہ واریت کے لیے استعمال نہ کرے اور قانون کے دائرے میں رہنے والے مسلمان شہریوں کو بدنام کر کے نفرت نہ پھیلائے۔
ڈاکٹر الیاس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر کا فوراً ریاستی درجہ بحال کیا جائے تاکہ عوام کو اپنی حکمرانی اور ترقی میں زیادہ حصہ داری حاصل ہو۔
Comments are closed.