پہلگام دہشت گردانہ حملہ: جمعیت علماء نیپال کے صدر مولانا مفتی محمد خالد صدیقی نے سخت مذمت کی

 

نیپال سے انوارالحق قاسمی کی خصوصی رپورٹ

گزشتہ 22/اپریل کو جموں وکشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ اور قاتلانہ حملوں کی جہاں دنیا بھر کے سیاسی سربراہان ،ملی تنظیموں کے قائدین اور مذہبی اسکالرز شدید مذمت کررہے ہیں اور اس دہشت گردانہ حملے کو پوری انسانیت پر حملہ قرار دے رہے ہیں،وہیں ملک نیپال کی نہایت ہی قابل قدر تنظیم جمعیت علماء نیپال کے صدر مولانا مفتی محمد خالد صدیقی نے بھی اس قاتلانہ اور انسانیت سوز حملہ کی سخت مذت کی ہے اور کہاہے کہ ” پڑوسی اور ہم سایہ ملک ہندوستان میں گزشتہ 22/اپریل کو،جو بے قصور اور نہتے سیاحوں پر اِنسانیت کے دشمنوں اور دہشت گردوں کی طرف سے قاتلانہ حملہ ہوا،جس میں 26/اموات ہوئی ہیں۔ اس کی میں اپنی طرف سے اور جمعیت علماء نیپال کے ایک ایک ممبر کی طرف سے سخت مذمت کرتاہوں اور اسے ایک بہیمانہ اور غیر انسانی عمل قرار دیتاہوں اور جو لوگ اس شرمناک حملے میں اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں سے محروم ہوئے ہیں،میں ان سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں اور حکومت ہند سے اپیل کرتاہوں کہ دہشت گردوں اور مجرموں کو جلد قرار واقعی سزادے اور مہلوکین کے پس ماندگان کےلیے ہر ممکن مدد فراہم کرے اور انھیں انصاف عطا کرے”۔

حضرت صدر صاحب نے مزید یہ بھی کہاکہ ‘ اس حملے میں وطن عزیز کا ایک شہری ‘سدیپ نیپانے’ نے بھی اپنی جان گنوائی ہے،میں ان کے بھی اہل خانہ اور متعلقین سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں کہ اس مشکل اور غم کی گھڑی میں جمعیت علماء نیپال آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور نیپال حکومت سے درخواست کرتاہوں کہ’ سدیپ نیپانے’ کے انصاف کے لیے وہ تمام تر طریقے ضرور اختیار کیے جائیں ،جو ممکن ہوں۔

Comments are closed.