شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمد عاقل صاحب کے انتقال پر جمعیت علماء روتہٹ نیپال کے ترجمان مولانا انوارالحق قاسمی کا اظہار تعزیت

بصیرت نیوزڈیسک
جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے بلند پایہ شیخ الحدیث و ناظم اعلیٰ ،حضرت مولانا محمد زکریا – رحمۃ اللہ علیہ- کے چہیتے داماد ، کئی اہم علمی وادبی شاہکار کتابوں کے مصنف و شارح ،وقت کے زبردست محدث اور اعلیٰ منتظم حضرت مولانا سید محمد عاقل صاحب اب ہمارے درمیان نہیں رہے: انا للّٰہ وانا الیہ راجعون ۔
حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد سید عاقل صاحب کی صحبت سے متعلق کئی بار سوشل میڈیا پر دعائیہ خبریں دیکھنے کو ملتی رہی ہیں کہ ‘ حضرت مولانا سید محمد عاقل صاحب ان دنوں سخت علیل چل رہے ہیں،دعائے صحت کی درخواست ہے’ اور آج (28/اپریل 2025ء) حضرت مفتی محمد کلیم صاحب قاسمی مکی کے ذریعہ بذریعہ واٹس گروپ ‘ مجلس اتحاد العلماء نیپال ‘حضرت کے انتقالِ پر ملال کی ایک اندوہ ناک خبر موصول ہوئی،جس سے ہمیں سخت تکلیف ہوئی اور پھر معا ہی دل سے یہ آواز آئی کہ ‘تم تکلیف کرکے کیا کروگے! جو یہاں آیا ہے ،وہ رہنے کےلیےنہیں ،جانے کے لیے ہی آیا ہے اور ہر ایک کے لیے خدا نے ایک خاص وقت مقرر کر رکھا ہے،اس لیے صدمہ اور تکلیف کی بجائے اب حضرت کے لیے تم دعائے مغفرت کا اہتمام کرو! چناں چہ میں نےحضرت کی آمرزش کے لیے غفور الرحیم سے مغفرت اور رحمت کی دعائیں کی کہ اے گناہوں کو بخشنے والے ہمارے پردگار!حضرت کی مغفرت فرمااور انھیں کروٹ کروٹ راحت نصیب فرما ۔
یقینا حضرت جیسی عظیم علمی اور خالص دینی شخصیت بہت محنت اور تگ ودو کے بعدامت کو ایک عظیم سرمایہ کی شکل میں ملتی ہے،اس لیے حضرت -علیہ الرحمہ- کا انتقال بلاشک پوری ملت اور خاص کر جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کا ایک ناقابلِ تلافی خسارہ ہے۔
میرے والد محترم حضرت مولانا عزرائیل صاحب مظاہری ،ہمارے سرپرست مولانا محمد جواد عالم مظاہری نائب صدر جمعیت علماء روتہٹ نیپال، حضرت مولانا قاری محمد ساجد حسین صاحب مظاہری سرپرست جمعیت علماء روتہٹ نیپال ،مولانا محمد خیر الدین مظاہری جنرل سکریٹری جمعیت علماء روتہٹ نیپال،مولانا محمد صابر علی مظاہری خازن جمعیت علماء روتہٹ نیپال،مولانا محمد اسعد اللہ مظاہری مرکزی رکن جمعیت علماء نیپال اور بھی دیگر کئی اہم اور مستند علماء نیپال نے حضرت -علیہ الرحمہ- کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا ہے اور خوب علمی موتی چنا ہے۔
میں حضرت کے تمام فیض یافتگان و خوشہ چینوں اور مظاہر علوم سہارنپور کے اساتذہ و عملہ اور طلبہ سے اظہارِ تعزیت پیش کرتاہوں اور دعا گو ہوں کہ باری تعالیٰ مظاہر علوم کو حضرت کا نعم البدل عطا فرمائے آمین ۔

Comments are closed.