مدینہ منورہ میں ہندوستانی حجاج کا پرتپاک استقبال

 

بصیرت نیوزڈیسک

مقدس سرزمین پر ہندوستانی حجاج کرام کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پہلی پروازوں میں ممبئی اور بنگلور سے تشریف لائے ہوئے عازمین حج کا مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر ہندوستانی سفارت خانہ کے اہم اہلکار، جن میں خاص طور پر حسن مدنی ندوی، جمال، اور شمشاد بھائی شامل تھے، موجود تھے۔ سعودی عرب کے مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی عازمین کا استقبال کیا۔

ہندوستانی سفارت خانہ کے شعبۂ حج مدینہ منورہ کے ممبر، حسن مدنی ندوی نے اس موقع پر حجاج کرام کے لیے ایک اہم پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا: "حجاج کرام کی مدینہ آمد پر ہم ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ تمام عازمین سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں گے اور کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے ہندوستانی سفارت خانہ اور اس سے متعلقہ افراد اور شعبہ جات سے بلا جھجک رابطہ کر سکتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ حجاج کرام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ان کی ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

اس استقبالیہ تقریب میں عازمین حج نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور ہندوستانی سفارت خانہ کے اہلکاروں اور سعودی اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔

 

Comments are closed.