محرم کے موقع پر ریاست گیر سطح پر امن و امان اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھیں : نظرعالم

 

اکھاڑہ کمیٹیوں کو لائسنس، پیشگی اطلاع اور پولیس تعاون کے ساتھ تیوہار منانے کی تلقین،

 

جالے  (محمد رفیع ساگر/ بی این ایس)

آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے محرم جیسے حساس اور روحانی تیوہار کے موقع پر ریاست بہار میں سماجی ہم آہنگی اور امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ چونکہ ریاست میں اسمبلی انتخابات اسی سال کے آخر میں منعقد ہونے ہیں، ایسے میں بعض شرپسند اور سیاسی مفاد پرست عناصر اس موقع کا غلط فائدہ اٹھا کر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ان خطرات کے پیش نظر تمام محرم کمیٹیوں، اکھاڑہ کمیٹیوں، مذہبی و سماجی کارکنوں، اور عام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مکمل چوکسی کے ساتھ اس تیوہار کو پرامن انداز میں منائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مقامی انتظامیہ سے قریبی تال میل برقرار رکھیں۔

 

نظرعالم نے بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم اسلامی تاریخ کا اہم اور پُرمعنی موقع ہے جو قربانی، صبر، برداشت اور حق کے لیے جدوجہد کی علامت ہے۔ ایسے موقع پر ہمیں اپنی سماجی اور مذہبی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتے ہوئے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اکھاڑہ کمیٹیوں کو چاہیے کہ وہ ہر حال میں محرم کے جلوس یا دیگر پروگراموں کے لیے قانونی لائسنس حاصل کریں اور مقامی تھانہ یا ضلع انتظامیہ کو پیشگی اطلاع دیں تاکہ جلوس یا کھیل کے دوران امن و امان میں کسی طرح کی خلل نہ آئے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بیداری کارواں کی طرف سے ریاست بھر میں عوامی بیداری کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، جس میں عام لوگوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ اگر کہیں کوئی مشتبہ سرگرمی نظر آئے یا کسی شرپسند عنصر کی موجودگی کا اندیشہ ہو تو فوراً پولیس کو مطلع کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر ذرا بھی غفلت برتی گئی تو ایسے عناصر اور سیاسی مفاد پرست اس موقع کا فائدہ اٹھا کر حالات کو بگاڑنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

 

نظرعالم نے محرم کمیٹیوں کو تلقین کی کہ وہ آپسی تال میل سے تمام پروگراموں کو وقت پر، منظم اور پرامن طریقے سے مکمل کریں۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اشتعال سے دور رہیں اور اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے تہذیب و شائستگی کے دائرے میں رہ کر ہر پروگرام میں شرکت کریں۔ پولیس اور ضلع انتظامیہ کو بھی اپنی طرف سے محرم کے دوران گشت بڑھانے اور تمام جلوس راستوں پر الرٹ رہنے کی گزارش کی گئی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ امن صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا اخلاقی و سماجی فرض ہے۔ اگر سماج کے باشعور طبقے، مذہبی پیشوا، محلہ کمیٹیاں اور مقامی نوجوان آگے آئیں تو نہ صرف شرپسند عناصر ناکام ہوں گے بلکہ انتخابی ماحول میں بھی اتحاد و بھائی چارے کا مثبت پیغام جائے گا۔

 

محرم کے دوران دربھنگہ، مدھوبنی، سیتامڑھی، مظفرپور، پٹنہ، گیا، بھاگلپور ،سیوان سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر جلوس نکالے جاتے ہیں، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ ان تمام علاقوں میں مقامی سطح پر انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی سخت ضرورت ہے۔

Comments are closed.