خادم القرآن مولانا غلام محمد وستانوی کا انتقال ملت اسلامیہ کا عظیم سانحہ : حضرت امیرشریعت

مولانا غلام محمد وستانوی صاحب کی پوری زندگی خدمت قرآن سے عبارت تھی : مولانا محمد شبلی القاسمی
پھلواری شریف (پریس ریلیز) خادم القرآن محسن ملت حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب کے انتقال پر ملال کی خبر صرف خانوادہ وستانوی اور متعلقین اکل کواں ہی کے لیے غمناک نہیں ہے بلکہ پوری ملت اسلامیہ کے لئے عظیم سانحہ اور بڑا خلا ہے جس کا پر ہونا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے، ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ کے امیرشریعت حضرت مولاناانیس الرحمن قاسمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کیا، مولانا انیس الرحمن قاسمی نے مولانا وستانوی صاحب کی خدمت قرآن اور مدارس اسلامیہ کی عظیم خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا غلام محمد وستانوی صاحب کی پوری زندگی کی خدمات کا نچوڑ اور ماحصل قرآن مجید کی عظیم خدمت ہے، اس کے ساتھ ہی وہ پورے ملک میں چل رہے مدارس کے عظیم ہمدرد تھے، ان کی ذات پوری ملت اسلامیہ ہند یہ کے لیے مفید اور نفع بخش تھی، اللہ نے مولانا وستانوی صاحب کی زندگی میں بڑی برکت عطا فرمائی تھی، جہاں ایک طرف انہوں نے مدارس و مساجد قائم کئے اور انتہائی کامیابی سے اسے چلایا وہیں آپ نے عصری علوم کے کئی بےمثال اور کامیاب ادارے قائم کرکے امت مسلمہ کے سامنے علماء اور علم دین کی اہمیت کو بڑھایا، آپ کے ذریعے قائم کئے گئے دینی و عصری علوم کے ادارے آپ کی مغفرت کے لیے کافی ہیں، مولانا وستانوی صاحب کے انتقال سے مجھے ذاتی طور پر صدمہ پہونچا ہے، اللہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے. اس موقع پر امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد شبلی القاسمی نے جاری اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ خادم القرآن مولانا محمد وستانوی صاحب کا انتقال پوری امت مسلمہ کا علمی اور مذہبی خسارہ ہے، وہ ایک بہترین منتظم، مدبر اور قوم وملت کے عظیم محسن تھے، وہ صحیح معنوں میں خادم القرآن تھے، ان کی پوری زندگی خدمت قرآن سے عبارت تھی، اور اسی حالت میں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، اللہ مولانا محمد وستانوی علیہ الرحمہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کی روح کا مقام اعلیٰ علین ہو، جنت الفردوس ان کا مستقر ہو، انہوں نے مزید کہا کہ اللہ اس موقع پر ہم تمام متعلقین و منتسبین کو صبر جمیل عطا فرمائے، ان کے تمام علمی ورثے کی حفاظت فرمائے، ان کے وارثین کی نصرت فرمائے، اور ان کے قدموں میں استقامت دے تاکہ وہ حضرت کے کاموں کو آگے بڑھاسکیں، مصیبت کی اس گھڑی میں امارت شرعیہ بہار غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے.
Comments are closed.