مولانا غلام محمد وستانوی قرآن مجید کے عظیم خادم اور مدارس و مساجد کے معمار تھے : حافظ اقبال چوناوالا

مولانا غلام محمد وستانوی کے انتقال سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا : مولانا رشید احمد ندوی

ممبئی(نمائندہ خصوصی) مولانا علام محمد وستانوی موجودہ صدی میں قرآن مجید کے عظیم خادم اور مدارس و مساجد کے معمار تھے، ان کی مکمل زندگی خدمت قرآن سے عبارت تھی، قرآن مجید کے مسابقہ کے انعقاد کے زریعے انہوں نے ملک کے نوجوانوں میں قرآن مجید کو باتجوید پڑھنے کی عادت ڈلوائی اور ان مسابقات کے ذریعے نہ جانے کتنے ہی طالبان علوم نبوت دنیا کے سامنے سرخرو ہوئے، ان خیالات کا اظہار دارالعلوم وقف دیوبند کی مجلس مشاورت کے رکن اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن حافظ اقبال چوناوالا نے اپنے تعزیتی بیان میں کیا، انہوں نے مزید کہا کہ مولانا غلام محمد وستانوی صاحب کی زندگی کا ایک ایک لمحہ نوجوان علماء کے لیے مشعل راہ ہے، وہ پوری زندگی ایک لمحہ بھی رکے بغیر، تھکے بغیر قوم وملت کی خدمت کرتے رہے اور اسی حالت میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، اللہ مولانا وستانوی صاحب کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین.

اس موقع پر انجمن اہل السنہ والجماعۃ ممبئی کے جنرل سیکریٹری مولانا رشید احمد ندوی نے کہا کہ مولانا وستانوی صاحب کے انتقال سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا، مولانا وستانوی صاحب عالم دین تھے، لیکن ان کا دل و دماغ امت مسلمہ کے وسیع تر مفاد میں ہمیشہ فکر مند رہتا اور ہمیشہ ملت کی فلاح و بہبود کے منصوبے بناتے رہتے، انہی منصوبوں کی بدولت انہوں نے عصری علوم کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں، میڈیکل کالج قائم کئے، انجینئرنگ کالج قائم کئے، مختلف روزگار سے متعلق ادارے قائم کئے تاکہ قوم کا نوجوان غیر تعلیم یافتہ نہ ہو اور بے روزگار نہ ہو، مولانا وستانوی صاحب کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے، اللہ مولانا کے کاموں کو مولانا کے لئے ذخیرہ آخرت بنائے آمین اور مغفرت کا ذریعہ بنائے آمین.

Comments are closed.