اے ایم یو وائس چانسلر نے معروف اسلامی اسکالر مولانا غلام محمد وستانوی کے انتقال پر تعزیت پیش کی

علی گڑھ، 5 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے معروف اسلامی اسکالر اور ماہر تعلیم مولانا غلام محمد وستانوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جن کی وفات گزشتہ 4 مئی کو 75 برس کی عمر میں ہوئی۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے ان کی گراں قدر خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا، ”جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم، اکّل کواں (مہاراشٹر) کے بانی اور مہتمم مولانا وستانوی ایک بصیرت افروز رہنما اور ادارہ ساز شخصیت تھے۔ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں طب، فارمیسی، انجینئرنگ، قانون اور اساتذہ کی تربیت جیسے شعبوں میں کئی اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم ہوئے۔ ان کا انتقال ملک و ملت کے لیے ایک بہت بڑا خسارہ ہے۔“
انہوں نے کہا کہ مولانا وستانوی نے تعلیمی اداروں کے قیام اور ان کے عمدہ انتظام و انصرام میں بے مثال قیادت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کیا۔ ”اے ایم یو برادری کی جانب سے میں ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتی ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کی نیکیوں کا ابدی صلہ عطا فرمائے۔“
پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بھی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”مولانا وستانوی نے اپنی پوری زندگی محروم طبقوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے اسپتال، اسکول، کالج اور لڑکوں و لڑکیوں کے لیے اقامتی مدارس قائم کر کے تعلیم و صحت کی سہولیات کو عام کیا۔ ان کی خدمات ہم سب کے لیے ہمیشہ مشعل راہ بنی رہیں گی۔ میں اللہ تعالیٰ سے ان کی بلندیئ درجات کے لئے دعا گو ہوں۔“
اے ایم یو برادری نے وائس چانسلر کے ہمراہ مولانا وستانوی کی بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ دینی اور جدیدعصری تعلیم کے امتزاج کے لیے ان کی کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
Comments are closed.