تحفظ ختم نبوت کی کمیٹیوں کا صوبائی سطح پر رابطہ تشکیل دیا جائے گا: مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی

 

کشن گنج، 10/ مئی (پریس ریلیز) مجلس احرار اسلام صوبہ بہار کے جنرل سکریٹری مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ مجلس احرار اسلام صوبہ بہار نے تحفظ ختم نبوت کے سلسلے میں ریاست بھر میں قائم مقامی کمیٹیوں کے درمیان ایک مؤثر رابطہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ عقیدہئ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کو مزید منظم اور مربوط بنایا جا سکے۔

مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے کہا کہ ختم نبوت اسلام کا اساسی عقیدہ ہے، جس پر ایمان کے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں قادیانیت اور دیگر فتنوں کی شکل میں عقیدہئ ختم نبوت پر حملے ہو رہے ہیں اور ان فتنوں کا علمی و فکری انداز میں جواب دینا ہر سچے مسلمان کی دینی و ملی ذمہ داری ہے۔ اسی مقصد کے تحت مجلس احرار اسلام نے ریاست کے مختلف اضلاع میں فعال تحفظ ختم نبوت کمیٹیوں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کمیٹیوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک صوبائی رابطہ کونسل تشکیل دی جائے گی، جو مشترکہ حکمت عملی مرتب کرے گی، اجتماعات، تربیتی نشستوں، بیداری مہمات اور دیگر ذرائع سے عوام میں شعور پیدا کرے گی۔ مولانا صدیقی نے کہا کہ مجلس احرار اسلام کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، اور ہم اس مشن کو لے کر میدان عمل میں ہیں کہ عقیدہئ ختم نبوت پر کوئی آنچ نہ آنے پائے۔

مولانا نے ریاست کے تمام اضلاع کی دینی جماعتوں، مدارس، مساجد کے ائمہ، علماء کرام اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں شامل ہوں اور مجلس احرار اسلام کا بازو بن کر فتنے کے ہر دروازے کو بند کریں۔ اپنی انجمن یا کمیٹی کا رابطے میں اندراج کرنے کے لیے اس نمبر پر رابطہ کریں: (9568136926) انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف نفرت نہیں پھیلاتے، مگر دین کے تحفظ میں کسی مصلحت کو جگہ نہیں دی جا سکتی۔

آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک نہ صرف دینی فریضہ ہے؛ بلکہ مسلمانوں کی ملی شناخت کا اہم تقاضا بھی ہے۔ مجلس احرار اسلام صوبہ بہار عنقریب ایک صوبائی کنونشن کا اعلان کرے گی جس میں تمام ضلعی کمیٹیوں کو شامل کیا جائے گا، تاکہ آئندہ کی حکمت عملی پر باقاعدہ مشاورت کی جا سکے۔

Comments are closed.