مرکزی وزیر تعلیم نے ’راشٹر پرتھم‘ مہم کے تحت ہندوستانی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالے گئے اے ایم یو کے طلبہ کے مارچ کو سراہا

علی گڑھ، 10 مئی: مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جانب سے ’راشٹر پرتھم‘ مہم کے تحت ہندوستانی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے گزشتہ روز نکالے گئے مارچ کو سراہا ہے۔ اے ایم یو کے طلبہ، اساتذہ اور غیرتدریسی عملہ کے اراکین کے اس مارچ کا مقصد پاکستان کی شرانگیزی کے خلاف ’آپریشن سندور‘ کے تحت کی گئی جوابی کارروائیوں میں مسلح افواج سے اظہار یکجہتی اور حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

 

آج اپنے ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) پروفائل پر جاری کردہ پیغام میں جناب پردھان نے بہادرہندوستانی افواج کے لیے اے ایم یو کے طلبہ کی غیرمتزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فوجیں قوم کی خودمختاری اور امن کے تحفظ میں مثالی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
’راشٹر پرتھم‘ مہم میں اے ایم یو کی شرکت کو سراہتے ہوئے جناب پردھان نے کہا:’راشٹر پرتھم‘ کے جذبے کے ساتھ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ نے ہندوستانی مسلح افواج کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ہمارے فوجی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، آئیے ہم سب بھی درونِ ملک اپنے فرائض ادا کریں۔ میں تمام مرکزی اور ریاستی تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اپنے حلقہ میں لوگوں کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کریں، افواہوں کا مقابلہ کریں، اور ہماری افواج کا حوصلہ بلند کریں۔ اس قومی یکجہتی کے لمحے میں، آئیے ہم سب متحد ہوجائیں اور ایک ساتھ اپنا ردعمل دیں!“۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”اے ایم یو ہمیشہ سے ملک و قوم کی تعمیر کا ایک اہم ستون رہا ہے، اور ’راشٹر پرتھم‘ مہم نے ہمیں اپنی عزیز وطن سے گہرے تعلق کو ظاہر کرنے کا بامعنی موقع فراہم کیا۔ یہ پوری اے ایم یو برادری کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ ہمارے طلبہ کی کوششوں کو محترم وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے سراہا“۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کی تعمیر اور ملک کی فلاح و بہبود کے تئیں یہ جذبہ یونیورسٹی کی رگوں میں دوڑتا ہے اور یہ جذبہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بھی مرکزی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اے ایم یو کے طلبہ کے جذبے کو سراہا جو کہ ملک کی بہادر مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مارچ میں بھرپور طریقہ سے شامل ہوئے۔
رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما نے کہا ”یہ مہم ہماری وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی مؤثر قیادت کے باعث کامیاب رہی۔ ان کی رہنمائی میں اے ایم یو مزید کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا اور ایک پرامن اور فخر کے احساس سے لبریز قوم کی تعمیر میں اپنا اہم کردار ادا کرتا رہے گا“.

Comments are closed.