فن لینڈ : فضا میں ٹکرائے دو ہیلی کاپٹر، 5 لوگوں کی موت

بصیرت نیوزڈیسک
فن لینڈ میں ہفتہ کو دو ہیلی کاپٹروں کی فضا میں شدید ٹکر ہو گئی، جس سے دونوں گر کر تباہ ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ دونوں ہیلی کاپٹروں میں 5 لوگ ہی سوار تھے۔ فن لینڈ پولیس کے ذریعہ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں مرنے والوں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ پولیس اور دیگر ہنگامی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کام کو انجام دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ان دونوں ہیلی کاپٹرس نے ایسٹونیا سے اڑان بھری تھی اور ان میں کچھ کاروباری سوار تھے۔ ایک ہیلی کاپٹر میں تین لوگ اور دوسرے میں دو لوگ سوار تھے۔ ٹکر فن لینڈ کی راجدھانی ہلنسکی کے مغربی حصے میں دوپہر کے قریب ہوئی۔
فن لینڈ کے ایک اخبار نے ایک چشم دید اینٹی مرجانین کے حوالے سے بتایا، ’’میں نے دیکھا کہ ایک ہیلی کاپٹر نے ہوا میں دوسرا ہیلی کاپٹر چھو لیا، اس کے بعد ایک ہیلی کاپٹر پتھر کی طرح نیچے گرا اور دوسرا تھوڑا دھیمے گرا۔ میں نے کوئی دھماکہ یا آواز نہیں سنی۔‘‘
فن لینڈ کے ہلسنگن سنومیٹ اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے ایسٹونیائی پبلک براڈ کاسٹنگ (ای آر آر) نے بتایا کہ ایک ہیلی کاپٹر ایسٹونیا میں اور دوسرا آسٹریا میں رجسٹرڈ تھا اور دونوں ہیلی کاپٹر ایسٹونیائی کمپنی کے تھے۔
حادثے کی اصل وجہ کیا تھی، اس پر ابھی کوئی سرکاری جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ نہ ہی موسمی خرابی کی بات سامنے آئی یا تکنیکی خرابی کی۔ جانچ ایجنسیاں اب بلیک باکس، فلائٹ ریکارڈ اور چشم دیدوں کے بیان کی بنیاد پر اس شدید ٹکر کی وجہ جاننے میں لگی ہیں۔
Comments are closed.