دہلی میں بلڈوزر کی کارروائی آئین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا

 

نئی دہلی (پریس ریلیز)

ہم دہلی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے نام پر کی جا رہی بلڈوزر کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ حکومت بھلے ہی اسے صفائی اور قانونی نظم و ضبط کا نام دے رہی ہو لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ یہ مہم غریبوں، مزدوروں اور کچی آبادیوں میں رہنے والوں کے خلاف ایک غیر منصفانہ، ظالمانہ اور یک طرفہ کارروائی بن چکی ہے۔

 

جن خاندانوں کی بستیاں آج مسمار ہو رہی ہیں، جن کی چھوٹی چھوٹی دکانوں کو بلڈوز کیا جا رہا ہے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے اپنے خون پسینے سے اس شہر کو بسایا تھا۔ یہ لوگ برسوں سےیہاں رہتے اور کام کرتے آئے ہیں، حکومت کو ٹیکس بھی دیا اورووٹ بھی اور آج انہیں بغیر کسی متبادل انتظام کے سڑکوں پر لایا جا رہا ہے۔

 

یہ باتیں ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے دہلی اسٹیٹ جنرل سکریٹری عارف اخلاق نے ایک پریس بیان میں کہی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ غیر قانونی تعمیرات صرف غریبوں تک محدود نہیں ہیں۔ دہلی میں بڑے بلڈروں اور ڈویلپر کمپنیوں کے بنا منظوری بنے فلور، فارم ہاؤس، مالس اور بہت سی تجارتی عمارتیں بھی قواعد و ضوابط کے خلاف ہیں، لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ کیا قانون صرف کمزوروں پر ہی لاگو ہوتا ہے؟

 

یہ کارروائی صرف "تجاوزات ہٹانے” تک نہیں رہی بلکہ اب وہ شہر سے غریبوں کا صفایا کرنے کی کوشش بن گئی ہے۔ یہ ’’ترقی کے نام پر Displacement ‘‘ ہے۔ یہ امیروں کے لیے جگہ بنانے اور غریبوں کو باہر نکالنے کا عمل ہے۔

 

عارف اخلاق نےدہلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ

 

– بحالی کے بغیر اور درست قانونی عمل کے بغیر انہدام کی تمام مہمات کو فوری طور پر روک دیا جائے۔

 

-بڑے بلڈروں اور سرمایہ داروں کی طرف سے کی گئی غیر قانونی تعمیرات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔

 

– کچی آبادیوں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو شہری ترقیاتی منصوبے میں شامل کیا جائے۔

 

– "رہنے کا حق” ایک بنیادی اور انسانی حق ہے۔ اس حق کے تحت بلڈوزر کارروائی سے متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کے انتظامات کیے جائیں۔

 

عارف اخلاق نے مزید کہا کہ ترقی کا مطلب یہ نہیں ہو سکتا کہ غریبوں کے ٹوٹے گھروں پر امیروں کی عمارتیں تعمیر ہوں۔ انصاف پسند شہر وہ ہوتا ہے جہاں ہر طبقے کو یکساں طور پر رہنے کا حق حاصل ہو، یہ نہ ہو کہ کچھ کے لیے بلڈوزر اور کچھ کے لیے خاموشی ۔

 

ملک کے عوام پہلے ہی بڑے پیمانے پر مہنگائی اور بے روزگاری سے نبرد آزما ہیں، ایسے میں بی جے پی حکومت کا بلڈوزر ایکشن اس پریشانی کو مزید بڑھا دے گا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی اس طرح کی کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست کی بی جے پی حکومت کے پاس غریبوں، مزدوروں اور کچی آبادی میں رہنے والوں کی ترقی کے لیے کوئی فلاحی پالیسی نہیں ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ویلفیئر پارٹی دہلی پردیش اس غیر منصفانہ کارروائی کے خلاف کھڑی ہے اور ہم ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو بے گھر ہو رہے ہیں، جن کی آواز نہیں سنی جا رہی ہے۔

Comments are closed.