ووٹر فہرست تجدیدی مہم کے خلاف زبردست احتجاج، فورلین ہائی وے سمیت جالے میں بھی سڑک جام

درجنوں گرفتار، بعد میں پی آر بانڈ پر رہا، حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی
جالے(محمد رفیع ساگر/ بی این ایس)
بہار میں ووٹر فہرست کی تجدیدی مہم کے خلاف مہاگٹھ بندھن کی جانب سے بلائے گئے ریاست گیر بند کے تحت بدھ کو دربھنگہ-مظفر پور این ایچ 27 فورلین شاہراہ سمیت مختلف علاقوں میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلا کر مرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، جس کے سبب گھنٹوں آمد و رفت مفلوج رہی۔
سنگھواڑہ کے سمری فورلین پر مہاگٹھ بندھن کارکنان نے سڑک کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ احتجاجی مارچ کی قیادت راشٹریہ جنتا دل کے ترجمان و سابق ایم ایل اے رشی مشرا اور آر جے ڈی ریاستی سکریٹری ڈاکٹر فراز فاطمی نے کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی کمیشن، ریاستی حکومت کے دباؤ میں کام کر رہا ہے اور رائے دہندگان کے حق کو چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر فراز فاطمی نے کہا کہ بہار کے عوام جمہوری حق تلفی کو برداشت نہیں کریں گے اور حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ احتجاج پرکھنڈ راشٹریہ جنتا دل کے صدر انل کمار سنگھ کی صدارت اور سابق یوتھ آر جے ڈی ریاستی سکریٹری امجد عباس کی نظامت میں ہوا، جس میں انڈیا اتحاد (INDIA) کے درجنوں کارکنان شامل ہوئے۔
ڈی ایس پی شوبھیندر سمن اور تھانیدار منیش کمار نے موقع پر پہنچ کر حالات کو سنبھالا۔ مظاہرین کو گرفتار کیا گیا، مگر بعد دوپہر دو بجے پی آر بانڈ پر رہا کر کے ٹریفک بحال کرایا گیا۔
موقع پر موجود اہم لیڈران میں سی پی آئی ایم ضلع سکریٹری منٹو ٹھاکر، آر جے ڈی کے پرنسپل جنرل سکریٹری ارشاد عالم، اروند یادو، راہل جھا، دلیپ بھگت، پیکس چیئرمین امریندر یادو اور امجد اقبال شامل تھے۔
اسی دوران کنسی چوک پر بھی سی پی آئی ایم کے انچل سکریٹری انل مہاراج کی قیادت میں مظاہرہ ہوا، جس میں پیکس چیئرمین سدھیر کانت مشرا، محمد گلاب، محمد ذاکر اور محمد ببلو نے مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
ادھر بھرواڑہ، شوبھن، شکرپور میں بھی جگہ جگہ سڑک جام کیا گیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
جالے میں بھی زوردار احتجاج، بیٹھولی ۔جالے اسٹیٹ ہائی وے پر کھڑکا موڑ کے قریب سڑک جام
جالے بلاک میں بھی مہاگٹھ بندھن کے تحت عظیم اتحاد کے کارکنان اور رہنماؤں نے بیٹھولی۔جالے اسٹیٹ ہائی وے پر کھڑکا موڑ کے نزدیک زبردست مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر بلاک کانگریس صدر بھوشن آزاد، صادق آرزو، عامر اقبال، سید تنویر انور، ارشد فیضی قاسمی، سابق ایم ایل اے رام نواس پرساد،علی امام ،نریش چودھری، سدشٹھ ٹھاکر، ایڈووکیٹ شمیم احمد رائین، نیلم پاسوان، رام بابو، لال بابو اور محمد نوشاد سمیت متعدد سرکردہ رہنما اور کارکنان موجود تھے۔
مظاہرین نے حکومت پر ووٹ کے حق میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے صاف کہا کہ جب تک ووٹ کے حق کی مکمل بحالی اور غیر جانبدارانہ جانچ کا حکم نہیں ملتا، تب تک جدوجہد جاری رہے گی۔
Comments are closed.