حج 2026 کے لیے آن لائن فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی، صاحب استطاعت حضرات توجہ دیں:مولانا انیس الرحمن قاسمی
پٹنہ(پریس ریلیز)
مفکر ملت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب مدظلہ العالی امیر شریعت بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ وکارگزار قومی صدرآل انڈیا ملی کونسل نے اپنے بیان میں حج 2026 کے لیے فارم بھرنے کی اپیل کی ہے۔ حضرت نے فرمایا کہ حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے، جس میں اجتماعیت، زہد و تقویٰ، پرہیزگاری اور تقرب الی اللہ کے ان گنت پہلو پوشیدہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو اپنے مقدس گھر کی زیارت کی دعوت دی ہے اور اس عمل کی بے شمار فضیلتیں احادیث مبارکہ میں وارد ہوئی ہیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:حج مبرور کا بدلہ جنت ہی ہے۔ ایک اور حدیث میں ہے کہ جس نے حج کیا اور اس دوران کوئی گناہ یا فسق وفجور نہ کیا، وہ ایسا پاک لوٹتا ہے جیسے ماں نے آج ہی اسے جنم دیا ہو۔حضرت نے واضح طور پر کہا کہ جس مسلمان پر حج فرض ہو جائے، اس کے لیے اس کی ادائیگی میں دیر کرنا مناسب نہیں۔ اگر کسی کی موت اس حالت میں آ جائے کہ اس نے باوجود استطاعت کے حج ادا نہ کیا ہو تو حدیث میں اس کی موت کوجاہلیت کی موت کہا گیا ہے۔ افسوس کہ ہمارے یہاں عمومی طور پر لوگ حج کو بڑھاپے کے لیے مؤخر کرتے ہیں،جب کہ صحیح طریقہ یہ ہے کہ جوں ہی کوئی صاحب استطاعت ہو، اہل و عیال کی ذمہ داریوں کا انتظام کر سکے، فوراً حج کی ادائیگی کے لیے کمر بستہ ہو جائے۔
حضرت نے فرمایا کہ بڑھاپے اور بیماری کی حالت میں انسان مکمل طور پر ارکان و واجبات ادا نہیں کر پاتا، عبادت میں لذت اور نشاط باقی نہیں رہتی؛ اس لیے جوانی اور صحت کی حالت میں حج کی ادائیگی افضل اور باعث اجر عظیم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الحمد للہ حج 2026 کے لیے فارم جمع کرنے کا اعلان ہو چکا ہے، جس کی آخری تاریخ 31 جولائی 2025 مقرر ہے۔ حضرت نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اپنے انٹرنیشنل پاسپورٹ کی تیاری یا تجدید کر لیں؛ کیوںکہ فارم بھرنے کے لیے پاسپورٹ لازمی ہے۔ جن حضرات کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے یا پرانا ہو چکا ہے، وہ بہار ریاستی حج کمیٹی کے ذریعے تعاون حاصل کر سکتے ہیں۔ ریاستی کمیٹی درخواست گزاروں کو آن لائن فارم بھرنے، اپائنٹمنٹ لینے اور دستاویزات کی توثیق تک مکمل رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔
حضرت نے بتایا کہ حج کا فارم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ [www.hajcommittee.gov.in](https://www.hajcommittee.gov.in) یا موبائل ایپ ’حج سویدھا‘ کے ذریعے آن لائن بھرا جا سکتا ہے۔ اگر کسی کو آن لائن فارم بھرنے میں دشواری ہو تو وہ حج بھون پٹنہ جا کر بھی فارم بھر سکتا ہے۔
حضرت نے علمائے کرام، ائمہ مساجد، مدارس کے اساتذہ، ملی تنظیموں کے ذمہ داران، دانشوران ملت، سیاسی و سماجی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس فریضہ کی اہمیت کو اپنی تقریروں، خطبات اور خصوصی پروگراموں میں بتلائیں۔ عوام کو پاسپورٹ بنوانے، فارم بھرنے اور دیگر ضروری تیاریوں میں ہر ممکن تعاون کریں، تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان اس سعادت سے بہرہ مند ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت حضرات کو انفرادی طور پر ملاقات کر کے حج کی ترغیب دی جائے۔ ساتھ ہی، ریاستی حج کمیٹی کو چاہیے کہ علماء، ائمہ اور سماجی کارکنان کی مدد سے ہر ضلع، بلاک اور پنچایت کی سطح پر خصوصی مہم چلائیں۔ ان شاء اللہ اس کا بڑا فائدہ ہوگا اور عازمین حج کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
حضرت نے ائمہ کرام سے خصوصی طور پر گزارش کی کہ وہ منبر و محراب کے ذریعہ لوگوں کو حج کی اہمیت اور فرضیت سے آگاہ کریں اور حج کے لیے عملی اقدام کی ترغیب دیں۔آخر میں حضرت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام اہل استطاعت مسلمانوں کو اس فریضہ کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائے، ان کے سفر کو آسان بنائے، قبول فرمائے، اور سب کو بار بار اپنے گھر کی حاضری نصیب فرمائے۔ (آمین یا رب العالمین)
Comments are closed.