جناب ڈاکٹر سید نثار احمد کے والد ماجد اور قاضی مولانا طفیل احمد کی اہلیہ کے سانحات ارتحال پر امارت شرعیہ میں اظہار تعزیت

 

پریس ریلیز (پھلواری شریف 9.8.2025) نہایت افسوس اوردکھ کے ساتھ یہ خبر دی جارہی ہے کہ امارت شرعیہ پارامیڈیکل کے انچارچ جناب ڈاکٹر سید نثار احمد صاحب کے والد جناب سید خورشید احمد صاحب اور درالقضاء سمستی پور کے قاضی شریعت مولانا طفیل احمد کی اہلیہ رب ذوالجلال کے دربار مین جاپہونچی ، اناللہ وانا الیہ راجعون۔ان دونوں کے سانحات ارتحال پر امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ العالی نے گہرے رنج وغم کااظہار فرمایا اوردعاء مغفرت فرمائی اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا نیز امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ میں ایک تعزیتی نشست زیر صدارت قاضی شریعت جناب مولانا محمد انظار عالم قاسمی منعقد ہوئی جس میں ناظم امارت شرعیہ جناب مولانا مفتی محمدسعیدالرحمن قاسمی صاحب نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جناب خورشید احمد صاحب ایک نیک دل ،درد مند اور شریف الطبع انسان تھے ، وہ سمستی پور کے محی الدین نگر کے باشندہ تھے وہیں 1934ء میں پیداہوئے ، مختلف اسکول وکالج میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے مظفر پو رکے ایک کالج سے ایم اے کیا اور نہایت باوقار انداز میں زندگی گزاری۔ وفات کے وقت ان کی عمر 90,92 سال کے قریب تھی ، بظاہر صحت ٹھیک تھی صرف دراز ی عمر کی وجہ سے ضعف ونقاہت کا غلبہ تھا ،پھر رب ذوالجلال کا پیغام اجل آیا اور سفرآخرت پر چلے گئے ، مرحوم کے صاحبزادے جناب ڈاکٹر سید نثار احمد مولانا منت اللہ رحمانی انسٹی ٹیوٹ (پارامیڈیکل)کے ذمہ دار ہیں ،انہیں والد محترم کے وصال سے جو صدمہ پہونچا ہے ہم سب اس غم میں برابر کے شریک ہیں اوراس سانحۂ ارتحال کو اپنے گھر کا سانحہ تصور کرتے ہیں اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ۔ ان کی نماز جنازہ پٹنہ کے ہارون نگر میں اداکی گئی اور حرمین قبرستان پھلواری شریف میں تدفین عمل میں آئی جہاں امارت شرعیہ کے ذمہ داران وکارکنان نے جنازہ میں شرکت کی اور نم آنکھوں سے سپرد خاک کیا، اللہ تعالیٰ انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور اہل خانہ کو صبروثبات کی توفیق بخشے ۔

اسی طرح دوسری اہم شخصیت مولانا طفیل احمد صاحب قاضی شریعت سمستی پور کی اہلیہ محترمہ ایک خدارسیدہ خاتون تھیں ، ضیافت ومہمان نوازی میںید طولیٰ رکھتی تھیں، وہ بھی اللہ کی پیاری ہوگئیں ، اللہ تعالیٰ ان کے حسنات کو قبول فرمائے اور درجات عالیہ سے سرفراز کرے ،ہم لوگ قاضی صاحب کے غم میں برابر کے شریک ہیں اوراہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سبھوں کو صبر جمیل کی توفیق بخشے ، دیگر ذمہ داروں نے بھی رنج وغم کا اظہار کیا۔ پھر قاضی شریعت جناب مولانا محمد انظار عالم قاسمی صاحب نے اجتماعی طورپر دعاء مغفرت کرائی ،اس مجلس کا آغاز مولانا اسعداللہ قاسمی منیجر نقیب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس میں میں مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت ، مولانا سہیل اختر قاسمی نائب قاضی شریعت ،مولانا رضوان احمد ندوی معاون مدیر ہفت روزہ نقیب ،جناب محمد احسان الحق صاحب پروجیکٹ مینیجر، مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم، مولانا قمر انیس قاسمی ،مفتی احتکام الحق قاسمی مفتی امارت شرعیہ ، مولانا ارشد رحمانی ،مولانا محمد منہاج عالم ندوی مولانا، شمیم اکرم رحمانی ، مولانا منت اللہ حیدری ، مولانا مطیع الرحمن شمسی ، مولانا مجیب الرحمن قاسمی ،مولانا مرسل ، مولانا مجاہدالاسلام قاسمی کے علاوہ اصحاب علم وفضل نے شرکت کی ۔

Comments are closed.