مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

 

اے ایم یو کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر سُبیرپی ایم نے جرمنی میں بین الاقوامی جرمن اساتذہ کانفرنس میں تحقیقی مقالہ پیش کیا

علی گڑھ، 12 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ غیر ملکی زبانیں میں جرمن زبان کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سُبیرپی ایم نے جرمنی کے شہر لیوبیک میں منعقدہ بین الاقوامی جرمن اساتذہ کانفرنس (آئی ڈی ٹی 2025) میں اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ اس کانفرنس میں جرمن زبان کو بطور غیر ملکی یا دوسری زبان پڑھانے والے اساتذہ اور محققین جمع ہوئے تھے جنھوں نے جرمن کی تدریس کے اختراعی طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر سُبیر نے اپنے مقالے میں اس بات کا تجزیہ کیا کہ جرمن سیکھنے والے ہندوستانی طلبہ، ڈیجیٹل میڈیا کے تناظر میں جرمن بولنے والے ممالک جرمنی، آسٹریا اور سوئزرلینڈ کے بارے میں کس طرح کے تصورات رکھتے ہیں۔ ان کا تجزیہ خاص طور پر اس بات پر مرکوز تھا کہ آن لائن پلیٹ فارمز کس طرح تعصبات اور متضاد ثقافتی نظریات کو جنم دیتے ہیں، اور زبان کی تدریس میں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کن تدریسی حکمت عملیوں کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر سُبیر نے جرمن زبان کی تعلیم میں ناقدانہ ڈیجیٹل خواندگی کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تدریسی طریقے طلبہ میں گہری ثقافتی سمجھ بوجھ پیدا کر سکتے ہیں اورجرمنی، آسٹریا اور سوئزرلینڈکے خطے سے متعلق پہلے سے موجود خیالات کو چیلنج کر سکتے ہیں۔

کانفرنس میں ڈاکٹر سُبیر کی شرکت کے تمام اخراجات جرمن ادارے نے برداشت کیے۔

اس دستیابی کو سراہتے ہوئے فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین اور شعبہ کے چیئرمین پروفیسر آفتاب عالم نے کہا کہ جرمنی کی کانفرنس میں ڈاکٹر سُبیر کی بصیرت افروز پیشکش علمی مکالمے کو فروغ دینے کے تئیں اے ایم یو کی وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔ زبان کی تعلیم میں ثقافتی تصورات پر ان کی تحقیق موجودہ ڈیجیٹل دور میں بین ثقافتی تفہیم کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

٭٭٭٭٭٭

اے ایم یو کے شعبہ علاج بالتدبیر نے مفت صحت کیمپ منعقد کیا

علی گڑھ، 12 اگست: اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ علاج بالتدبیر نے حکومت ہند کی جانب سے صحت مند، محفوظ اور پائیدار غذائی عادات کو فروغ دینے کے لیے شروع کی گئی ملک گیر مہم ”ایٹ رائٹ کیمپیئن‘ کے تحت ایک مفت طبی کیمپ منعقد کیا، جس کا افتتاح پروفیسر محمد تفسیر علی، قائم مقام ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، پروفیسر بدرالدجیٰ خان، پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج اور پروفیسر تنویر احمد (جامعہ ملیہ اسلامیہ)نے کیا۔

کیمپ کا مقصد عوام الناس میں صحت مند غذائی عادات کو فروغ دینا اور ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپے جیسے امراض کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنا تھا۔ کیمپ میں معالجین نے طبی مشاورت فراہم کی اور غذائی ماہرین نے درست غذا کے سلسلہ میں جانکاری دی۔بی ایم آئی کی پیمائش، بلڈ پریشر، بلڈ شوگر، اور کولیسٹرول کی جانچ کی گئی اور مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر پروفیسر آسیہ سلطانہ، چیئرپرسن، شعبہ علاج بالتدبیر، پروفیسر محمد انور، ڈاکٹر ایم سعد اے خان، ڈاکٹر ایم شعیب، ڈاکٹر صفیہ عثمانی اور ڈاکٹر شمامہ عثمانی وغیرہ موجود رہے۔ پوسٹ گریجویٹ اسکالرز نے بھی لوگوں کی انفرادی طور پر معقول غذا کے سلسلہ میں رہنمائی کی۔

٭٭٭٭٭٭

اے ایم یو کے ڈینٹل کالج میں ”وکسِت بھارت یووا کنیکٹ پروگرام“ کا آغاز

علی گڑھ، 12 اگست: حکومت ہند کے منصوبے ”وکسِت بھارت 2047“ کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج نے نوجوانوں میں صحت سے متعلق بیدار ی پیدا کرنے اور کمیونٹی سروس کے ذریعے قوم کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر زور دینے کے لئے ’وکست بھارت یوا کنیکٹ پروگرام‘ کا آغاز کیا ہے۔

اس کے تحت پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر نیہا اگروال کی قیادت و رہنمائی میں رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر، جواں میں ایک دیہی بیداری مہم منعقد کی گئی۔ ڈاکٹر شاذیہ، ڈاکٹر رمشہ احسم، اور ڈاکٹر زینب رؤف پر مشتمل ایک ٹیم نے جواں گاؤں میں نوجوانوں سے رابطہ کیا اور انہیں دانتوں کی صفائی اور منھ کی بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر منھ کی صحت اور مجموعی صحت کے درمیان تعلق کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ دانتوں کی بیماریاں کس طرح پورے جسمانی نظام کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ٹیم نے شرکاء کو تمباکو نوشی ترک کرنے کی ترغیب دی اور منھ کے ساتھ ہی عمومی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات پر روشنی ڈالی۔

ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ”وکسِت بھارت 2047‘ کے مقاصد و اہداف سے اے ایم یو کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔

٭٭٭٭٭٭

اے ایم یو کے بچے ”ہر گھر ترنگا“ مہم کے لیے تیار

علی گڑھ، 12 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبداللہ اسکول نے ”ہر گھر ترنگا“ مہم کے تحت رنگارنگ اور حب الوطنی سے بھرپور سرگرمیوں کا انعقاد کر کے یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز کیا۔ اس کا مقصد ننھے بچوں میں آزادی، اتحاد اور قومی جذبے کو فروغ دینا تھا۔ تقریبات کا آغاز جماعت پنجم کے خصوصی اسمبلی سیشن سے ہوا، جو ”وِکسِت بھارت یووا کنیکٹ پروگرام“ کا حصہ تھی۔

اسکول سپرنٹنڈنٹ محترمہ عمرہ ظہیر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر عمر کے افراد ملک کے روشن مستقبل کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

اسمبلی کے بعد طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار پوسٹر سازی کے مقابلوں کے ذریعے کیا۔ جماعت پنجم کے بچوں نے ”وِکسِت بھارت“ کے موضوع پر شاندار پوسٹرز تیار کئے، جبکہ دوم تا چہارم کے بچوں نے آزادی اور حب الوطنی کے موضوعات پر رنگ برنگے اور جذبات سے بھرپور فن پارے تخلیق کیے۔ بچوں نے اپنے فن پاروں میں وطن سے محبت اور آزادی کی قدروں کو نمایاں کیا۔

یہ تمام سرگرمیاں اسکول کی معلمات محترمہ عرشیہ آفتاب اور محترمہ صہبا عاصم کی نگرانی میں انجام پائیں۔

عبداللہ اسکول نے ان بامقصد اور متاثر کن سرگرمیوں کے ذریعے یہ عزم ظاہر کیا کہ وہ ایک باخبر، ذمے دار اور محب وطن نسل تیار کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

٭٭٭٭٭٭

Comments are closed.