مرکزی دفتر امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ پٹنہ میں جشن آزادی کا اہتمام
ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی نے کی پرچم کشائی
پھلواری شریف(پریس ریلیز )ہمارا ملک ہندوستان مہینہ کے اعتبار سے ۱۵؍اگست کو آزاد ہوا، جب جب یہ تاریخ آتی ہے پورا ملک غیر معمولی مسرت وشادمانی کے احساس کے ساتھ پرچم کشائی اور جشن آزادی کی تقریب قومی تہوار کے طورپر مناتاہے، یہی وہ تاریخ ہے جب اس انگریز سامراج کے چنگل سے ملک کو آزادی حاصل ہوئی، جس نے ہر جہت سے ملک کو غلام بنارکھاتھا اورپورا ملک اس کے ظلم وتشدد سے کراہ رہاتھا، لیکن آزادی کے متوالوں ، ملک سے محبت کرنے والوں اور امن وانصاف کے علمبرداروں نے بے شمار قربانیاں دے کر ملک کوآزادی سے ہمکنار کیا اور ملک کی پیشانی پر آزادی کا پرچم لہرایا، یوم آزادی کایہ موقع جہاں ہمارے اندر جشن مسرت کا احساس پیدا کرتاہے، وہیں اپنے آبائو اجداد اور ملک کی آزادی کی راہ میں قربانی دینے والوں کی بے مثال قربانیوں کو بھی یاد دلاتاہے، ایسے موقع پر ملک کے ہرشہری کی ذمہ داری ہے کہ آزادی کے لئے قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت ومحبت پیش کرنے کے ساتھ موجودہ نسل کو حوصلہ مندی کی اس تاریخ سے واقف کرائے، اس کی صحیح تصویر حقیقت پسندی کے ساتھ پیش کرے اورآزادی جیسی نعمت کی قدر دانی کرتے ہوئے حقیقی آزادی کی حفاظت کے لئے ہمیشہ عزم نو کرے،ورنہ جس ظلم ،ناانصافی اورنفرت انگیزی کے خلاف انگریزوں سے لوہالیاگیااگر آزادی کے بعد بھی ملک کی پیشانی پر ایسے داغ لگتے ہیں تو اس آزاد ملک کے لئے یقینا ایک بڑا سوال ہے،یادر کھنا چاہئے کہ آزادی کاحصول جہاں ایک اہم کامیابی ہے وہیں آزادی کی حفاظت ملک کے باشندوں کی سب سے اہم ذمہ داری ہے۔
یوم آزادی ویوم جمہوریہ جیسے موقعے پر امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ کے مرکزی دفتر ودیگر تمام ذیلی دفاتر اور ملحقہ اداروں میں جذبہ خوشی ومسرت کے ساتھ پرچم کشائی ودیگر ثقافتی تقریبات کا انعقاد عمل میں آتاہے، امارت شرعیہ ملک کا وہ بافیض ادارہ ہے جس کے بانیوں نے آزادی کے جدوجہد میں نمایاں کردارنبھایاہے، اس۱۵؍ اگست کے دن بھی مرکزی دفتر امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ میں پورے تزک واحتشام کے ساتھ ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمدسعیدالرحمن قاسمی صاحب کے ہاتھوں پرچم کشائی کا عمل انجام پایا، خوشی کے ساتھ قومی ترانہ اور ترانہ ہندی گنگنایا گیا، اس تقریب پرچم کشائی میں صدر قاضی شریعت جناب مولانا انظار عالم قاسمی، نائب ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی ، قائم مقا م مفتی جناب احتکام الحق قاسمی صاحب ،نائب قاضی شریعت مفتی وصی احمد قاسمی صاحب،نائب قاضی شریعت مولانا مجیب الرحمن دربھنگوی، معاون ناظم مولانا قمرانیس قاسمی ، مولانا سجاد میموریل ہاسپٹل کے سکریٹری ڈاکٹر یاسر صاحب، پروجیکٹ مینجمنٹ کے مینیجر الحاج احسان صاحب ،جناب خبیب صاحب ، مولانا ارشدرحمانی صاحب ، مولانا محمد شارق رحمانی ، مولانا عقیل اختر ، مولانا منہاج عالم ندوی ، مولا نا صابر حسین ، مولانا مجاہد الاسلام کے علاوہ مختلف شعبوں کے کارکنان وملازمین نے شرکت کی، پرچم کشائی کی تقریب صبح ۹؍بجے عمل میں آئی، قومی ترانہ وترانہ ہندی مولانا شمیم اکرم رحمانی صاحب ومولانا مجیب الرحمن بھاگل پوری معاونین قاضی شریعت نے پیش کئے، اور حاضرین کے درمیان مٹھائی تقسیم کی گئی۔
Comments are closed.