Baseerat Online News Portal

مسلمانان ہند سے مولانا یحییٰ نعمانی کی دردمندانہ اپیل

گرامی مرتبت برادران!

السلام علیکم ورحمۃ اللہ
میں اس وقت خاص طور سے ان محترم بھائیوں سے مخاطِب ہوں جو سوشل میڈیا کے ذریعے دین وملت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ خدا کرے آپ بخیر ہوں۔
آپ یقینا NRC کے سلسلے میں متفکر ہیں۔ اس عذاب سے بچنے کی بس ایک راہ ہے۔ اور وہ ہے Citizenship Amendment Billکو روکنا۔ آپ ساری تفصیل سے واقف ہیں۔ یہ بل سراسر ظلم بھی ہے اور دستور ہند کے خلاف بھی۔ بی جے پی اگر چہ پر عزم ہے لیکن اپوزیشن مخالفت کو سوچ رہی ہے۔ اگر کچھ منظم لابینگ Lobbying کی جائے، تو یہ بل نا منظور ہو سکتا ہے۔ میں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران ملی تنظیموں کو خطوط بھیجے اور قائدین سے رابطہ کرکےدرخواست کی کہ اپوزیشن کی لابینگ کا کام شروع کیا جائے۔ فکرمندی تو الحمد للہ ہر جگہ پائی، لیکن جیسی تیز حرکت ہونی چاہیے شاید وہ نہیں ہو پارہی۔ دوسری طرف وقت نکلتا جارہا ہے۔ ذرا سی غفلت سے کچھ گڑ بڑ ہوجائے گی۔ کوئی پارٹی واک آؤٹ کر جائے گی اور کوئی حمایت، کوئی مخالفت۔ مسلمان ہوں گے اور غلامی کا مستقبل۔ NRC اس ملک میں نسلوں کے لیے ایک نئے شودر طبقے کو جنم دے گی۔
اب وقت بہت کم ہے۔ اس لیے ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ مختلف اطراف سے ملی تنظیموں اور قائدین سے اس طرح درخواست کی جائے کہ محسوس ہو کہ ملت ان کی طرف سے حرکت وعمل کا شدت سے انتظار کر رہی ہے اور بے چین ہے۔ اس لیے آپ سے التجا ہے کہ اس مسئلے کو اپنی مستقل تحریروں اور اپیلوں کے ذریعے ایک تحریک بنا دیجیے۔ مسلسل مسلم قیادت پر دباؤ ڈالیے کہ اس کے لیے متحرک ہوں۔
حدی را تیز تر می خواں چو محمل را گراں بینی
نوا را تلخ تر می زن چو ذوق نغمہ کم یابی
اُس تھوڑے سے علم کی بنیاد پر جو دین کے ایک عام طالب علم کو بھی ضرور حاصل ہوتا ہے، یہ عاجز نہایت وثوق سے بلکہ قسم کھا کر کہہ سکتا ہے کہ یہ کام اس وقت کا سب سے بڑا جہاد اور سب سے بڑے ثواب کا کام ہے۔اور مغفرت و بلندی ِدرجات میں کسی کام کو وہ دخل نہیں ہوسکتا جو اس کام کو ہو سکتا ہے۔
امید ہے کہ آپ ضرور توجہ فرمائیں گے۔
والسلام
مخلص:  یحیی نعمانی

Comments are closed.